یوکرین کی جزوی جنگ بندی کی تجویز'امید افزا'، امریکہ
11 مارچ 2025یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات کی کوششوں کے دوران ہی دونوں میں شدید لڑائی بھی جاری ہے اور تازہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات یوکرین نے روسی دارالحکومت ماسکو کو درجنوں ڈرونز کا نشانہ بنایا۔
حملے کے سبب آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے ماسکو کے دو ہوائی اڈوں کو بند کرنے پر مجبور ہونا پڑا اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ ڈرونز کو ماسکو ریجن کے رامینسکوئے اور ڈوموڈیڈوو اضلاع میں مار گرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کوئی نقصان یا کسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔
روس یوکرین جنگ: کییف اور واشنگٹن کے اعلیٰ حکام میں جدہ میں مذاکرات
سعودی عرب میں آج بات چیت
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ وہ بحیرہ احمر پر واقع سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں منگل کے روز ہونے والے امریکہ اور یوکرین کے درمیان مذاکرات سے پہلے "پرامید" محسوس کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ یوکرین کی طرف سے روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے جزوی جنگ بندی کی تجویز میں امید کو دیکھتے ہیں۔ روبیو نے کہا، "میں یہ نہیں کہہ رہا کہ صرف یہی کافی ہے، تاہم یہ ایک اس طرح کی رعایت ہے، جو تنازعے کو ختم کرنے کے لیے آپ کو درکار ہوتی ہے۔"
البتہ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ میٹنگ کے دوران اہم بات یہ دیکھنی ہو گی کہ یوکرینی "مشکل کام" کرنے کے لیے کتنے تیار ہیں، جیسا کہ روسیوں کو بھی جنگ ختم کرنے کے لیے کرنا پڑے گا۔
روبیو نے یہ بھی اشارہ کیا کہ اگر بات چیت اچھی رہی، تو یوکرین مزید امریکی امداد کی توقع کر سکتا ہے۔ انہوں نے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی سے غیر رسمی ملاقات کو بھی مسترد نہیں کیا، جو سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔
روبیو نے زور دے کر کہا کہ ماسکو اور کییف دونوں کو "اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس صورتحال کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ لہذا اس جنگ کا واحد حل سفارت کاری اور انہیں ایک میز پر لانا ہے، جہاں یہ ممکن ہو سکتا ہے۔"
یوکرین پر مزید 100 سے زائد روسی ڈرون حملےہوئے، کییف
جزوی جنگ بندی کی تجویز
یوکرین کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ توقع ہے کہ کییف منگل کے روز ہونے والے مذاکرات کے دوران روس کے ساتھ فضائی اور بحری جنگ بندی کی تجویز پیش کرے گا۔
واضح رہے کہ روس نے اس سے قبل عارضی جنگ بندی کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ یوکرین کی جانب سے وقت خریدنے اور اپنی عسکری قوت کی تباہی کو روکنے کی ایک کوشش ہے۔
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے سعودی عرب پہنچے تھے۔ انہوں نے پیر کو دیر گئے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ وہ مذاکرات کے "عملی نتیجے" کی امید کر رہے ہیں اور اس میں یوکرین کا موقف "بالکل تعمیری" ہو گا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو روس اور یوکرین کے درمیان تین سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے طریقوں پر منگل کے روز یوکرینی حکام کے ساتھ بات چیت کے لیے ایک وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا عنقریب سعودی عرب کا دورہ، مقصد 'بڑا کاروباری معاہدہ'
صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ وہ منگل کے روز امریکی حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں شرکت نہیں کریں گے۔
زیلنسکی کے مطابق یوکرینی وفد میں ان کے چیف آف اسٹاف آندری یرمک کے علاوہ وزرا خارجہ اور دفاع اور صدارتی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ فوجی اہلکار بھی شامل ہوں گے۔
ٹرمپ کے ایلچی پوٹن سے ملاقات کریں گے
بلومبرگ اور روئٹرز نیوز ایجنسیوں نے گمنام ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کے لیے ماسکو کے دورے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ البتہ اس کی کوئی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
یوکرین جنگ: امن منصوبوں پر سعودی عرب میں اگلے ہفتے بات چیت
وٹکوف سرکاری طور پر ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی ہیں، تاہم انہوں نے یوکرین کی تین سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے کی کوششوں میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
ادھر ٹرمپ نے بھی پوٹن کے ساتھ ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور جنوری میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے وہ روس کے ساتھ سابقہ بائیڈن انتظامیہ کے منجمد تعلقات کو پگھلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یوکرین: ٹرمپ کی وارننگ کے مدنظر یورپی یونین کا سربراہی اجلاس
امن کی کوششوں میں سعودی کردار کی تعریف
صدر زیلنسکی نے کہا کہ امریکہ اور یوکرین کے اہم مذاکرات کے موقع پر ان کی سعودی عرب کے لی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اچھی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "میں نے حقیقی امن کو قریب لانے میں ولی عہد کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ سعودی عرب سفارت کاری کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور ہم اس کی تعریف کرتے ہیں۔"