یونان کا سیاسی بحران سنگین ہوتا ہوا
15 مئی 2012یورو کرنسی پر یورپی قرضوں کے بحران سے مشکل وقت گزر رہا ہے۔ اب یونان کے انتخابات کے بعد کی صورت حال نے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ یونان میں بیل آؤٹ پیکج کی حامی اور مخالف سیاسی جماعتیں کسی ایک نکتے پر متفق ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں۔ ایسے میں نئے پارلیمانی الیکشن کا امکان بڑھ گیا ہے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ نئے انتخابات میں بچتی پالیسیوں اور بیل آؤٹ پیکج کی مخالفت کرنے والی سیاسی قوتیں مزید ووٹ حاصل کر سکتی ہیں۔
چھ مئی کے انتخابات میں یونانی عوام نے بیل آؤٹ پیکج کی حامی جماعتوں کی کھل کر حمایت نہیں کی تھی۔ سوشلسٹ پاسوک پارٹی کو تیسری پوزیشن حاصل ہوئی۔ نیو ڈیموکریسی بظاہر سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری لیکن وہ بھی قطعی اکثریت سے محروم رہی۔ بیل آؤٹ اور بچتی پلان کی مخالفت بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد SYRIZA کو دوسری پوزیشن حاصل ہوئی۔
یونانی صدر کارولوس پاپولیاس (Karolos Papoulias) کی جانب سے قومی اتحادی حکومت بنانے کی آخری کوشش بھی ناکامی سےدوچار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس مناسبت سے مزید مذاکرات آج منگل کے روز بھی جاری رہیں گے۔ پیر کے روز یہ اجلاس صرف ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ اس بات چیت میں SYRIZA بلاک شامل نہیں ہے۔ ایک اور بائیں بازو کی سیاسی جماعت نے مذاکرات میں SYRIZA کی شمولیت کی شرط عائد کر دی ہے۔
نیوز ایجنسی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے سوشلسٹ پارٹی کے لیڈر ایوانجیلوس وینیزیلوس نے مجموعی صورت حال کو خاصا مشکل قرار دیا ہے۔ فن لینڈ کے یورپی امور کے وزیر الیگزینڈر سٹوب (Alexander Stubb) نے واضح طور پر کہا کہ یونان یورو زون میں اسی صورت میں رہ سکتا ہے کہ وہ بیل آؤٹ پیکج کے لیے ہونی والی ڈیل پر مکمل طور پر عمل پیرا ہو اور اگر اس ڈیل کو پرے کردیا جاتا ہے تو اس صورت میں یورو زون سے یونان باہر ہو جائے گا۔ فن لینڈ کے وزیر نے ڈیل پر عمل پیرا نہ ہونے کی پالیسی کو غیر ذمہ دارانہ رویہ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب یونان کی مالی پوزیشن مزید کمزور ہو رہی ہے۔ اگلے ماہ کے شروع میں حکومتی خزانہ تقریباً خالی ہونے کے قریب پہنچ جائے گا۔ ایسے میں اگر ایتھنز میں فعال حکومت بھی موجود نہ ہوئی تو یونان کے لیے مالی حالات مزید سخت ہو جائیں گے۔ یہ صورت حال یونان کو دیوالیہ پن کی دلدل میں اتار سکتی ہے۔ یہی دیوالیہ پن یونان کے یورو زون سے اخراج کا باعث بن سکتا ہے۔ مالی اداروں اور سرمایہ کاروں کو یقین ہے کہ یونان جلد یا بدیر یورو زون سے خارج ہو جائے گا۔
ah/ab (Reuters, AP)