یورپی یونین کی ششماہی صدارت آئرلینڈ کو منتقل
1 جنوری 2013آئرلینڈ کے وزیر خارجہ ایمن گلمور’ Eamon Gilmore‘ نے کہا کہ یورپی یونین کی سربراہی کے دوران یورپی معاشیات کو دوبارہ سے پٹری پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کے بقول عالمی سطح پر یورپی ساکھ کو بہتر کرنے، معاشی شعبے میں استحکام لانے اور روز گار کی منڈی کو فروغ دینے سے یہ منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح دسمبر میں آئرش وزیراعظم اینڈا کینی نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا تھا کہ مالیاتی بحران کی ابتدا کے بعد پہلی مرتبہ انہیں یورپ کے رویے میں امید نمایاں طور پر دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ آئرش معاشیات میں بھی اعتماد کے اشارے مل رہے یں۔
آئرلینڈ بین الاقوامی سطح پر مالیاتی امدادی پیکج حاصل کرنے والا یورپی یونین کا پہلا صدر ملک ہے۔ آئرلینڈ کو 2013ء کے اختتام تک 85 ارب یورو کے مالیاتی پیکج کی وصولی کے وقت لگائی گئی حدود و قیود سے باہر نکلنا ہو گا۔ ذرائع کے مطابق ڈبلن حکومت کی کوشش ہے کہ بجٹ خسارے کو اس دوران اس حد تک کم کر دیا جائے تاکہ اسے دوسرے امدادی پیکج کی ضرورت نہ پڑے۔ تاہم آئرش بینکنگ کا شعبہ ابھی بھی خسارے کے چنگل میں بری طرح پھنسا ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق آئرلینڈ کی معیشت بہت تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے۔
ڈبلن حکام نے نومبر 2010ء میں یورپی یونین اور عالمی مالیاتی ادارے سے اس وقت بیل آؤٹ پیکج کی درخواست کی تھی، جب اس کے اقتصادی اور بینکنگ سیکٹر کو بحران کا سامنا تھا۔ اس بحران کا اثر یورو کرنسی کی ساکھ پر بھی پڑ رہا تھا اور عالمی سطح پر اس قدر غیر مستحکم ہوتی جا رہی تھی۔ چھ ماہ کی سربراہی کے دوران ڈبلن حکام کو امید ہے کہ وہ یورو زون کے ریسکیو فنڈ کو معاملے کو بھی آگے بڑھا سکیں گے۔آئرلینڈ کے وزیر خارجہ ایمن گلمور نے برسلز میں کہا تھا کہ ان کی حکومت اس ششماہی کے دوران یورپی سطح پر بینکنگ یونین کے معاملے کو مزید آگے بڑھائے گی۔’’ اس کے علاوہ ضمانتوں اور بحالی کے منصوبوں پر بھی خاص توجہ مرکوز کی جائے گی‘‘۔
تاہم ماہرین نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ جرمنی میں چانسلر کے لیے ہونے والے انتخابات سے اس عمل کی رفتار پر فرق پڑ سکتا ہے۔ ایمن گلمور کے بقول ضرورت اس بات کی ہے کہ معیشت کی بحالی کے تمام منصوبوں پر تیزی سے عمل کیا جائے۔ گلمور نے مزید کہا سربراہی کے ان چھ ماہ کے دوران کوشش کی جائے گی کہ رکن ریاستوں کے مابین یورپی یونین کے ایک کھرب یورو مالیت کے بجٹ کے مسئلے کو بھی حل کر دیا جائے۔
ai / ah ( dpa)