یورپی فٹبال چیمپئن شپ کی تیاریاں عروج پر
22 مئی 2012آٹھ جون سے لے کر يکم جولائی تک کھيلی جانے والی اس يورپی چيمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلے ميں جرمن قومی ٹيم کے مينيجر اوليور بيئرہوف نے کہا ہے کہ فٹبال کی چيمپئنز ليگ کے فائنل ميں انگلش فٹبال کلب چيلسی کے ہاتھوں جرمن کلب بائرن ميونخ کی حالیہ شکست جرمن قومی ٹيم کے ليے ايک اشارہ ہے۔ بيئرہوف نے جرمن قومی ٹيم ميں شامل کھلاڑيوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ يہ ضروری نہيں کہ فيورٹ سمجھی جانے والی ٹيمیں ہی ميچ جیتیں۔ انہوں نے مزيد کہا، ’فٹبال کھيلنا ايک الگ بات ہے مگر کارآمد ہونا بھی ضروری ہے۔‘ جرمن ٹيم کا شمار آئندہ یورپی چیمپئن شپ جيتنے کے ليے فيورٹ قرار دی جانے والی ٹيموں ميں کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب اطالوی ٹيم کے کوچ سيزارے پرانڈيلی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹيم اپنے حریفوں کو سرپرائز کرنے کی صلاحيت رکھتی ہے۔ یورو 2012 کے ليے ٹريننگ کيمپ کے آغاز پر پرانڈيلی نے کہا، ’ہم اپنی پوری کوشش کريں گے کہ کھلاڑی بہترين کھيل کھيليں۔ يہ ضروری ہے کہ ہر کھلاڑی چيمپئن شپ میں اچھا کھيل پيش کرنے کا خواہاں ہو۔‘ اطالوی کوچ ان دنوں بتيس کھلاڑيوں کے ہمراہ Coverciano ميں ایک تربيتی کيمپ لگائے ہوئے ہيں اور وہ انتيس مئی کو اٹلی کی قومی ٹيم کے لیے حتمی طور پر منتخب کردہ 23 کھلاڑيوں کے ناموں کا اعلان کريں گے۔ اطالوی ٹيم يورو 2012ء میں اپنا پہلا ميچ دس جون کو دفاعی چيمپئن اسپين کی ٹيم کے خلاف کھيلے گی۔
ادھر دفاعی چيمپئن اسپین کی ٹيم سميت شريک ميزبان ملک پولينڈ اور چيک جمہوریہ کی ٹيميں بھی ان دنوں آسٹريا کا دورہ کر رہی ہيں جہاں انہیں ٹورنامنٹ کی تياری کے سلسلے ميں دوستانہ ميچ کھيلنا ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ايف پی کے مطابق آسٹريا کی پر سکون آب و ہوا اور فٹبال کے لحاظ سے وہاں دستیاب سہوليات دنيا بھر سے کھلاڑيوں کو آسٹريا کی جانب کھينچ لاتی ہيں۔
يورپی چيمپئن شپ کی تياری کے حوالے سے آئر لينڈ کے بارے میں خبر يہ ہے کہ آئر لينڈ کی قومی ٹيم کے گول کيپر شے گيونز کو گھٹنے پر معمولی چوٹ لگی ہے جس کے باعث وہ ڈبلن کے قريب جاری تربيتی کيمپ ميں چند روز تک حصہ نہيں لے سکیں گے۔
روس کی قومی فٹبال ٹيم کے کوچ ڈک ايڈوکاٹ نے بتایا ہے کہ روسی کھلاڑی Vasily Berezutsky زخمی ہونے کے باعث Euro 2012 ميں حصہ نہيں لے سکيں گے۔ روسی ٹيم کو اپنا پہلا ميچ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز چيک جمہوریہ کی ٹیم کے خلاف کھيلنا ہے۔
as / mm / Reuters, afp