یورپ کے عجیب ٹریفک قوانین سے ہوشیار رہیں
پیدل چلنے والوں پر جرمانے، درمیانی لین میں خواہ مخواہ موجودگی اور گندی گاڑی ڈرائیو کرنا؟ آئیے نگاہ ڈالیں یورپ کے کچھ عجیب مگر سمجھ میں آنے والے ٹریفک قوانین پر۔
پیدل چلنے والوں پر پانی اچھالنا یا درمیانی لین پر جمے رہنا، مہنگا پڑ سکتا ہے
ایک موٹر وے پر ایک برطانوی موٹرسائیکل سوار کو بغیر کسی وجہ کے درمیانی لین میں چلتے رہنے پر ایک ہزار پاؤنڈز کا جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ساتھ اسے لائسنس پر پانچ پوائنٹس بھی پڑ گئے۔ برطانیہ میں پولیس غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ یا چلتے چلتے سڑک پر موجود پانی اچھالنے پر بھی سو پاؤنڈ جرمانہ کر سکتی ہے۔
خبردار گندی گاڑی مت چلائیں
آپ کو گندی گاڑی چلانے میں کوئی عار نہیں؟ ہو سکتا ہے نہ ہو، مگر رومانیہ میں پولیس کو اس سے ضرور مخاصمت ہے۔ رومانیہ میں انتہائی گندی گاڑی چلانا ایک جرم ہے۔ آپ کو اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ، ہیڈلائٹس یا پچھلی بتیاں صاف نہ رکھنے پر جرمانہ ہو سکتا ہے۔ چلتے چلتے گاڑی کی کھڑکیوں کے شیشے صاف کرنا مت بھولیے گا۔
سست گاڑیوں کی ریس؟
ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ ایک سست ٹرک اپنی لین سے نکلتا ہے اور اپنے آگے چلنے والے ٹرک کو انتہائی آہستہ آہستہ اوور ٹیک کرنا شروع کر دیتا ہے، جب کہ تیز لین کی گاڑیاں اپنی رفتار گھٹائے بس انتظار کرتی رہ جاتی ہیں۔ سوئٹزرلینڈ نے ایک نیا قانون متعارف کرایا ہے، جس کے تحت سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کم چلنے والی کوئی گاڑی دائیں جانب کی لین سے باہر نہیں آ سکے گی۔ یہ قانون سن 2016 سے نافذ العمل ہو گا۔
آگئی سردی!
سردی آگئی ہے، تو اب ٹائر بدل دیجئے۔ صرف آئس لینڈ ہی وہ ملک نہیں جہاں سردیوں کے لیے ونٹرٹائرز کا استعمال کیا جاتا ہے بلکہ آسٹریا، اسٹونیا، فن لینڈ، جرمنی اور متعدد دیگر یورپی ممالک میں سردیوں کے لیے خصوصی ٹائر استعمال کرنے کی ہدایات کی جاتی ہیں۔
یہ گاڑیاں صاف کرنے کی جگہ نہیں
فن لینڈ میں گلیوں کی صفائی مسلسل ہوتی رہتی ہے۔ ہیلسنکی شہر کی انتظامیہ سڑکوں پر انتباہی نشانات کے علاوہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی لوگوں کو بتاتی رہتی ہے کہ اس روز گاڑی گلی یا سڑک میں کھڑی نہ کریں، جس روز صفائی کی جانا ہو، ورنہ گاڑی کو سڑک سے اٹھا لیا جائے گا۔
دن ہو یا رات، بتی نہ بجھے
اندھیرا ہو تو بتیاں جلا دیں، ڈرائیونگ کا ایک عموماﹰ پہلا سبق ہوتا ہے، تاہم سویڈن، نارورے اور ڈنمارک میں ہروقت بتیاں جلائے رکھنا لازم ہے، چاہے آسمان پر سورج پوری طرح چمک رہا ہو۔ سن 2011ء سے یورپ بھر میں ’ڈے ٹائم رننگ لائٹس‘ کا نظام نصب کیا جا چکا ہے، جس کے تحت اندھریا ہونے پر گاڑی کی بتیاں خود ہی جل اٹھتی ہیں۔
ایک عینک کافی نہیں!
اگر آپ اسپین میں گاڑی چلانا چاہتے ہیں اور آپ کے لائسنس میں لکھا ہے کہ آپ نظر کا چشمہ لگاتے ہیں، تو یاد رکھیے آپ کو اپنے پاس دو چشمے رکھنا ہوں گے۔ ایک ناک پر اور دوسرا گاڑی میں۔ یعنی عینک والے ڈرائیوروں کو ایک اضافی چشمہ اپنے پاس رکھنا ہوتا ہے۔
وقت کیا ہوا ہے؟
جرمنی کی مشہور آٹوبان یا ہائی وے، جس کے بارے میں مشہور ہے کہ وہاں کوئی حدرفتار نہیں۔ جرمنی میں ہر جگہ عمومی حدِ رفتار تو نہیں تاہم متعدد قواعد و ضوابط ہیں، جنہیں نظر میں رکھنا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ آپ کس وقت ڈرائیو کر رہے ہیں، کیوں کہ کچھ قوانین کا اطلاق دن کے خاص حصوں پر ہوتا ہے۔