یورپ کے سب سے زیادہ دھوپ والے شہر کہاں کہاں
موسم گرما میں سورج تو ہر جگہ ہی جلوہ افروز ہوتا ہے لیکن بہت سے ممالک میں سورج کی روشنی دکھائی دینا معمول کی بات نہیں ہوتا۔ اسی لیے اس پکچر گیلری کےذریعے ہم آپ کو یورپ کے سب سے زیادہ دھوپ والے دس شہروں کی سیر کرارہے ہیں۔
غرناطہ: اسپین
غرناطہ کے صوبے اندُلس کے پہاڑی سلسلے سیرا نیواڈا کے دامن میں واقع یہ ہسپانوی شہر براعظم یورپ کے سب سے زیادہ دھوپ والے شہروں میں سے ایک ہے۔ یہاں ماہانہ اوسطاً 341 گھنٹے دھوپ رہتی ہے۔ یہاں قائم الحمرا پیلس اس خطے کی اسلامی تاریخ کے تعمیراتی شاہکار کی حیثیت رکھتا ہے اور سب سے زیادہ دیکھی جانے والی یادگار مانا جاتا ہے۔
لا پالما، جزائر کیناری: اسپین
گرینڈ کیناریا کے جزیرے پر واقع سب سے بڑا شہر لا پالما بھی مہینے میں اوسطاً 341 گھنٹے سورج کی روشنی سے چمکتا رہتا ہے۔ اس کا ساحل پورپ کے دلکش ترین ساحلوں میں سے ایک ہے۔ یہاں کا ایک قدیم شہر Vegueta دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے اور لا کانتیرا بیچ )تصویر( پر گزارا گیا ایک دن بھی عمر بھر یاد رہتا ہے۔
نیس: فرانس
یہاں سال بھر آب و ہوا معتدل اور ماہانہ 342 گھنٹے دھوپ رہتی ہے۔ تعطیلات کے لیے فرانس کے پسندیدہ شہروں میں سے ایک، نیس طویل عرصے سے سورج کی روشنی اور حدت سے لطف اندوز ہونے والوں میں نہایت مقبول ہے۔ خوبصورت فن تعمیر، ساحل سمندر اور یہاں کا سالانہ نیس جاز فیسٹیول دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہر سال جولائی میں شہر کا ماسینا اسکوائر نامی علاقہ مختلف کنسرٹس کا مرکز بن جاتا ہے۔
ویلینسیا: اسپین
مقصد اگر ساحل سمندر اور شہری زندگی کے امتزاج والی تعطیلات ہوں، تو ہسپانوی شہر ویلینسیا مثالی حیثیت کا حامل ہے۔ یہاں کی ایک خاص ڈش پائیلا ہے، جو خاص طور پر ایل کارمین کے علاقے کے بہت سے ریستورانوں میں دستیاب ہوتی ہے۔ اس علاقے میں قائم سان نیکولاس چرچ اور موسن سوریل مارکیٹ انتہائی متاثر کن ہیں۔
میسینا: اٹلی
یہ سسلی کا تیسرا بڑا اور اس اطالوی جزیرے کا سب سے زیادہ دھوپ والا شہر ہے۔ یہاں ماہانہ اوسطاً 345 گھنٹے تیز دھوپ رہتی ہے۔ یہ شہر بھی تاریخ سے بھرپور ہے۔ گزشتہ صدیوں کے دوران متعدد بڑے زلزلوں نے اس بندرگاہی شہر پر گہرے نشانات چھوڑے ہیں۔ یہ مین لینڈ اٹلی کے پار واقع ہے۔ 1908ء کے بدترین زلزلے کے باوجود بارہویں صدی کا ایک کلیسا آج بھی ایک پرکشش مقام ہے۔
مالاگا: اسپین
ہر ماہ اوسطاً 345 گھنٹے سورج کی روشنی میں چمکتا رہنے والا جنوبی اسپین کا یہ علاقہ چھٹیاں گزارنے کے لیے بہترین ہے۔ یہ پرکشش ثقافتی مقامات، گرجا گھروں اور عجائب گھروں کا مرکز ہے اور معروف مصور پابلو پکاسو کی جائے پیدائش بھی۔ یہاں پانچ ہزار ہیکٹر پر پھیلا ہوا قدرتی پارک، یہاں کا ساحل اور ہائیکنگ کے لیے مشہور مونٹ دے مالاگا سیاحوں کے لیے بہت ہی پرکشش ہیں۔
مُورسیا: اسپین
یورپ کا تیسرا سب سے زیادہ دھوپ والا یہ شہر ہر ماہ اوسطاً 346 گھنٹے سورج کی روشنی میں چمکتا رہتا ہے۔ یہ اسپین کے مشرقی ساحل کوسٹا کالیدا پر واقع ہے۔ مُورسیا کے آس پاس کا علاقہ اپنے تفریحی اور سینیٹوریم مقامات کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ اس علاقے میں پانی کے بہت سے گرم چشمے بھی پائے جاتے ہیں۔
کاتانیا: اٹلی
اطالوی جزیرے سسلی کے مشرقی ساحل پر واقع بندرگاہی شہر کاتانیا یورپ کا دوسرا سب سے زیادہ دھوپ والا شہر ہے، جہاں ہر ماہ اوسطاﹰ 347 گھنٹے دھوپ رہتی ہے۔ شہر کے مرکز میں واقع پیازا ڈیل دُواومو کی عمارات باروک طرز تعمیرکا شاہکار ہیں اور یہ علاقہ یونیسکو کے تسلیم کردہ عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ ہے۔ .
آلےکانتے: اسپین
یورپ کا سب سے زیادہ دھوپ والا شہر: صوبے آلےکانتے میں کوسٹا بلانکا کی ساحلی پٹی پر ماہانہ 349 گھنٹے دھوپ رہتی ہے۔ تاہم سورج کی کرنوں کے علاوہ یہاں کی تاریخی عمارات سے سجے دلکش شہر کے ساتھ ساتھ اور بھی بہت کچھ اس علاقے کی کشش کی وجہ ہے۔ یہاں کی چاولوں کی ایک ڈش بہت ہی مقبول ہے۔
طریقہ کار
یورپ کے سب سے زیادہ دھوپ والے شہروں کی اس درجہ بندی کے لیے انٹرنیٹ سرچ انجن ’ہولیڈُو‘ کو استعمال کیا گیا۔ یہ سرچ انجن بین الاقوامی سطح پر موسم کی پیش گوئی کرنے والی ویب سائٹ ورلڈ ویدر آن لائن کا ڈیٹا استعمال کرتی ہے۔ ’ہولیڈُو‘ نے 2009ء سے 2021ء کے دوران یورپ کے 300 سب سے زیادہ گنجان آباد شہروں میں سورج کی روشنی والے گھنٹوں کی ماہانہ اوسط تعداد کا حساب لگایا تھا۔
موسم گرما میں سورج تو ہر جگہ ہی جلوہ افروز ہوتا ہے لیکن بہت سے ممالک میں سورج کی روشنی دکھائی دینا معمول کی بات نہیں ہوتا۔ اسی لیے اس پکچر گیلری کے ذریعے ہم آپ کو یورپ کے سب سے زیادہ دھوپ والے دس شہروں کی سیر کرا رہے ہیں۔