یورپ میں پیدل سفر کے بہترین پہاڑی راستے
یورپ کا فطری ماحول تنہا وادیوں، بلند پہاڑوں اور گھاٹیوں کی وجہ سے بہت متنوع ہے، اسی لیے یہاں پیدل سفر کے راستوں کا انتخاب بھی بہت زیادہ ہے۔ کلاسک راستوں سے لے کر سنسنی کے متلاشیوں کے لیے، یہ ہمارے چند پسندیدہ راستے ہیں۔
الپس
اٹلی، فرانس، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، لِشٹن شٹائن، آسٹریا اور سلووینیا الپس کا حصہ ہیں۔ اس یورپی پہاڑی سلسلے کو مختلف راستوں سے عبور کیا جا سکتا ہے۔ ایک پرانا راستہ ای فائیوہے جو جرمنی کے اوبرسڈورف سے میرانو، اٹلی تک جاتا ہے۔ اس راستے کو طے کرنے میں تقریباً ایک ہفتہ لگتا ہے، اس دوران پیدل سفر کرنے والے پہاڑی نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ایک پہاڑی سے دوسرے پہاڑی پر جاتے ہیں۔
جرمنی۔ سُوگ شپٹسے
الپس میں سُوگ شپٹسے جرمنی کا سب سے اونچا پہاڑ ہے جس کی بلندی 2,962 میٹر ہے۔ سیاح کیبل کار کے ذریعے آرام سے چوٹی تک پہنچ جاتے ہیں، جبکہ پرجوش پیدل سفر کرنے والے ہوئلنٹال یعنی وادی جہنم سے گزرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ اس مشکل سات گھنٹے کی چڑھائی کے لیے جسمانی طور پر تندرست اور پیروں کا مظبوط ہونا ایک لازمی شرط ہے۔ یہ پہاڑ سب کے لیے ہے، لیکن پیدل ہر کسی کے لیے نہیں۔
سوئٹزرلینڈ: عظیم الَیچ گلیشیر
الپس کے اس چھوٹے سے ملک میں 65,000 کلومیٹر پیدل سفر کا ریکارڈ ہے۔ 4,000 میٹر کی کئی چوٹیوں سے بنا عظیم الَیچ گلیشیر، ایک متاثر کن نظارہ ہے۔ 20 کلومیٹر پر پھیلا ہوا، یہ الپس کا سب سے بڑا گلیشیر ہے۔ پہاڑی گائیڈ کے ساتھ کوئی بھی الَیچ کے ساتھ ساتھ پیدل سفر کر سکتا ہے۔یہاں روزانہ کی بنیاد پر سیاحتی دورہ جون اور اکتوبر کے درمیان دستیاب ہوتا ہے۔
آسٹریا: نوکبیرگے
آسٹریا کا الپس پیدل سفر کرنے والوں کی جنت ہے، اور اسی طرح نوکبیرگے بائیوسفیئر پارک بھی ہے۔ 2,336 میٹر تک پہنچنے والا، کیونِگس اشٹول اس غیر مہذب الپائن ماحول میں سب سے اونچا پہاڑ ہے جس کی پہاڑی چوٹی پر گھاس اگی ہوئی ہے۔ ایک آرام دہ خوبصورت راستہ تین گھنٹوں میں اوپر کی طرف جاتا ہے، یہ آہستہ سے صرف 300 میٹر اونچائی پر چڑھتا ہے۔
اٹلی: ڈولومائٹس میں تین چوٹیاں
ڈولومائٹس میں تین چوٹیاں، جنہیں درائے سِنن بھی کہا جاتا ہے، اطالوی ایلپس کا حصہ ہیں اور اس خطے کی ایک مکمل نشانی ہے۔ اچھی طرح سے ایستادہ راستوں پر چلنے میں تقریباً چار گھنٹے لگتے ہیں، اور یہ راستہ ناتجربہ کار پیدل سفر کرنے والوں کے لیے بھی موزوں ہے۔ پھر بھی اکیلے رہنے کی توقع نہ کریں، کیونکہ پگڈنڈیاں سیاحوں کا مقناطیس ہیں۔ یہ چوٹیاں 2009ء سے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہیں۔
کورسیکا: بحیرہ روم کے جزیرے پر چیلنجنگ ہائکنگ
بحیرہ روم میں کورسیکا کے جزیرے پر واقع یورپ میں پیدل سفر کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے راستوں میں سے ایک GR20 ہے۔ 180 کلومیٹر پر پھیلا ہوا یہ راستہ جزیرے کو شمال سے جنوب کی طرف عبور کرتا ہے جس میں خوبصورت ’’ریجنل ڈی کورس‘‘نیچر پارک سے گزرتا ہے۔ گرمیوں میں باہر نکلنے سے پہلے دو بار سوچیں، کیونکہ یہاں درجہ حرارت بہت گرم ہو سکتا ہے۔
اسپین: پیکوس دے یوروپا
اسپین کے سرسبز شمال میں Picos de Europa پہاڑ ملک کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے قومی پارکوں میں سے ایک میں واقع ہیں۔ سرسبز پودوں، ناہموار چونا پتھر کی شکلیں اور صاف برفانی جھیلیں یہاں پیدل سفر کرنے والوں کا انتظار کرتی ہیں۔ Ruta de Cares، چونے کے پتھر میں کھدی ہوئی ایک 2,000 میٹر اونچے پہاڑوں سے جڑ ی ہوئی راہ ہے۔ اس سفر کا بہترین حصہ اس کی سمندر سے صرف 20 کلومیٹر دوری ہے۔
پولینڈ: سیاہ جھیل
پولینڈ کے بلند وبالا تاتراس پہاڑی سلسلے میں 2,499 میٹر اونچی ریسی چوٹی کے دامن میں پہاڑی جھیل مورسکی اوکو تک پیدل سفر نسبتاً آسان ہے۔ لیکن سطح سمندر سے 1,600 میٹر بلندی پر واقع بلیک لیک تک کے اضافے پر پسینہ بہانے کے لیے تیار رہیں۔ اس کے بعد آپ کو پتہ چل جائے گا کہ تاتراس کو دنیا کے سب سے چھوٹے اونچے پہاڑوں کے طور پر بھی کیوں جانا جاتا ہے۔
مونٹی نیگرو: تارا وادی
تارا وادی مونٹی نیگرو کے ڈرمیٹر نیشنل پارک کی جھلکیوں میں سے ایک ہے، جو یونیسکو کے عالمی قدرتی ورثے کی فہرست میں شامل ایک جگہ بھی ہے۔ یہ یورپ کی سب سے گہری وادی ہے اور خاص طور پر اوپر سے بہترین نظارے پیش کرتی ہے۔ زبلجک کے قصبے سے شروع ہونے والے کیورویک پہاڑ پر دو گھنٹے کی کھڑی چڑھائی چڑھنے کے بعد ایک شاندار نظارے کے ساتھ خوبصورت انعام حاصل کریں۔
ناروے: رومس دالسیگن ریج
Fjords کی سرزمین میں Romsdalseggen Ridge دنیا کی خوبصورت ترین پہاڑیوں میں سے ایک ہے۔ پیدل سفر کرنے والے 10 کلومیٹر تک پگڈنڈی پر سفر کرتے ہوئے 970 میٹر اونچائی پر چڑھتے ہیں۔ سب سے اوپر، پیدل سفر کی پگڈنڈی پہاڑی چوٹی کے ساتھ ساتھ چلتی ہے اور ایسے نظارے پیش کرتی ہے جو سب سے زیادہ تجربہ کار ہائیکر کی سانسیں بھی روک دیں۔ Rampestreken دیکھنے کے پلیٹ فارم پر ایک وقفہ لیں اور ایک تصویر بھی!