یوروکپ 2020ء یورپ کے مختلف شہروں میں منعقد کروانے کا منصوبہ
7 دسمبر 2012یورپی فٹ بال کے سرپرست ادارے یوئیفا کے سیکرٹری جنرل جانی انفاٹینو نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ایگزیکٹیو کمیٹی نے اس اہم ٹورنامنٹ کو یورپ کے مختلف شہروں میں منعقد کروانے کے حوالے سے اجازت دے دی ہے، ’یوئیفا یورو 2020ء یورپ کے مختلف بڑے شہروں میں منعقد کروایا جائے گا۔ اس حوالے سے آج فیصلہ کر لیا گیا ہے۔‘‘ تب تک اس ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں تبدیلی کے باعث اس میں شریک ہونے والی ٹیموں کی تعداد 24 ہو چکی ہو گی۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان میں یوئیفا ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جیانی انفانٹینو نے مزید کہا کہ ترکی کے علاوہ ایسویسی ایشن میں شامل تمام رکن ممالک کی طرف سے اس حوالے سے انتہائی مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے بقول کسی ایک یا دو ممالک میں یہ ٹورنامنٹ منعقد نہ کروانے کا یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ یورپ میں کھیلوں کے اس اہم ٹورنامنٹ کے اخراجات کا بوجھ تقسیم ہو سکے۔
فرانس میں کھیلے جانے والے یورو کپ 2016ء میں پہلی مرتبہ چوبیس ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ابھی تک اس یورپی ٹورنامنٹ میں کوالیفائی کرنے والی سولہ ٹیمیں ہی حصہ لیتی رہی ہیں۔ یوئیفا کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اب اس ٹورنامنٹ میں وسعت پیدا ہو رہی ہے اور چونکہ اب اس میں سولہ کے بجائے چوبیس ٹیمیں شریک ہوں گی اس لیے اس پر انتظامی حوالے سے اخراجات بھی زیادہ آئیں گے۔
جیانی انفانٹینو کے بقول 2020ء کے یورو کپ کے میزبان شہروں کو منتخب کرنے کا عمل جنوری 2013ء میں شروع کیا جائے گا، جس میں قریب ایک برس کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
یوئیفا کےصدرمشیل پلاٹینی نے یوکرائن اور پولینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد کیے گئے یورو 2012ء کے فائنل میچ سے قبل عوامی سطح پر یہ خیال پیش کیا تھاکہ یورو کپ 2020ء یورپ بھر میں منعقد کروایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ یورو کپ 2020ء یورپ کے بارہ یا تیرہ شہروں میں کھیلا جا سکتا ہے۔ یوئیفا کے رکن ممالک نے اس تجویز کی حمایت کی تھی۔
جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن DFB کے صدر وولفگانگ نیئرس باخ نے بھی اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی بھی 2020ء کے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔
(ab / at (AFP