یورو کپ: پولینڈ اور روس کا میچ برابر، چیک جمہوریہ فاتح
13 جون 2012منگل یورو کپ کے گروپ مقابلوں کا پانچواں دِن تھا۔ اس روز گروپ اے کی ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا۔ پہلا میچ چیک جمہوریہ اور یونان کے درمیان شریک میزبان پولینڈ کے شہر Wroclaw میں کھیلا گیا۔
یونان کے خلاف دو ایک کی جیت سے چیک جمہوریہ نے یورو 2012ء میں آگے بڑھنے کی اُمیدیں تازہ کر لی ہیں۔ انہیں یہ جیت گروپ میچز کے پہلے مقابلے میں روس کے ہاتھوں چار ایک کی شکست کے بعد ملی ہے۔
منگل کے میچ میں چیک کھلاڑیوں نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور جلد ہی دو گول اسکور کر لیے، جن سے ان کی جیت پر مہر ثبت ہو گئی۔ پہلا گول کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں چیک جمہوریہ کے پتر جیراسک نے کیا۔ انہوں نے توماس ہمبش مان سے ملنے والے پاس کا زبردست استعمال کیا، جو یونان کی دفاعی لائن کو توڑتے ہوئے جیراسک تک پہنچا۔
چیک جمہوریہ نے اپنی اس برتری کو مستحکم بنانے میں دیر نہیں لگائی اور پہلے گول کے تین منٹ بعد ہی دوسرا گول بھی کر دیا۔ یہ گول واسلاو پیلار نے کیا۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کا دوسرا گول تھا۔
بعدازاں چیک جمہوریہ کی فٹ بال ٹیم کے کوچ میخال بی لیک نے کہا: ’’آج رات ہر بات ہمارے حق میں تھی۔ میں ہر کھلاڑی سے خوش ہوں۔‘‘
پولینڈ بمقابلہ روس
یہ میچ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں کھیلا گیا، جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اس میچ کا پہلا گول کھیل کے سینتیسویں منٹ میں روس کی جانب سے Alan Dzagoyev نے کیا۔
پولینڈ کی ٹیم کے کپتان یعقوب بلاسچیکوسکی نے وقفے کے بعد کھیل کے 58 ویں منٹ میں کیا۔ اس گول کے نتیجے میں ڈرا ممکن ہوا۔ گروپ اے میں پولینڈ کا یونان کے خلاف ہونے والا پہلا میچ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ اب پولینڈ چیک جمہوریہ کے خلاف آئندہ میچ جیت گیا تو کوارٹر فائنلز میں پہنچ جائے گا۔
وارسا میں پولینڈ اور روس کے مداحوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور ربر کی گولیاں استعمال کی۔ کم از کم ایک سو افراد کی گرفتاری کی اطلاع بھی ہے۔ یہ میچ دیکھنے کے لیے وارسا میں روس کے بیس ہزار مداح موجود تھے۔
روس اور پولینڈ کے درمیان میچ ان کے مداحوں کے لیے ہمیشہ ہی نازک معاملہ ہوتا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس کی وجہ دونوں ملکوں کے درمیان صدیوں پرانا تنازعہ اور دوسری عالمی جنگ کے بعد پولینڈ پر سوویت اثرورسوخ ہے۔
بدھ کو گروپ بی کے سلسلے میں ڈنمارک کا سامنا پرتگال سے ہوگا جبکہ ہالینڈ جرمنی کا سامنا کرے گا۔
ng/at (AFP, Reuters)