یورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز، پہلا دن روس کے نام
9 جون 2012جمعے کے روز اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پولینڈ اور یونان کے درمیان کھیلا گیا۔ پولینڈ کے کیمپ سے یہ امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ میزبان ملک یہ میچ با آسانی جیت کر ٹورنامنٹ کا اچھا آغاز کرے گا تاہم یونانی ٹیم نے پولینڈ کی یہ امید خاک میں ملا دی۔
ادھر دوسرے میچ میں روس نے جمہوریہ چیک کے خلاف انتہائی جارحانہ کھیل کھیلتے ہوئے اسے ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔
وارسا کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کو دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد نے میدان کا رخ کیا تھا۔ اس میچ کی خاص بات پولینڈ کے گول کیپر کی شاندار کارکردگی تھی۔ یونانی کپتان کی جانب سے لگائی جانے والی پنیلٹی پولستانی گول کیپر Wojciech Szczesny نے روک کر یونان سے میچ اپنے نام کرنے کا ایک اچھا موقع چھین لیا۔
اس میچ میں پولینڈ کی جانب سے کھیل کے 17 ویں منٹ میں گول کیا گیا، جسے کھیل کے 51 ویں منٹ میں یونان نے برابر کیا۔
جمعے کے روز ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں روس نے چیک جمہوریہ کو ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ روس کی جانب سے ابھرتے ہوئے نوجوان مِڈ فیلڈر Alan Dzagoev نے دو گول کیے۔ کھیلے کے 15 ویں منٹ میں روس کی جانب سے پہلا گول کیا گیا جبکہ صرف نو منٹ بعد ایک اور گول کر کےRoman Shirokov نے روس کی برتری کو مضبوط کیا۔
کھیل کے 52 ویں منٹ میں چیک جمہوریہ کی جانب سےگول کر کے اس برتری کو کم کیا گیا تاہم کھیل کے 79 ویں اور 82 ویں منٹ میں روس کی جانب سے پے در پے دو گول چیک جمہوریہ کی امیدوں پر خاک ڈال گئے۔
ان میچوں سے قبل یورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں میزبان ملکوں پولینڈ اور یوکرائن کے قومی ترانے بجا کر اس ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں کھیلا جائے گا۔