یورو کپ: جرمنی نے پرتگال کو شکست دے دی
10 جون 2012یورو کپ 2012ء کے لیے جرمنی اور پرتگال کے درمیان مقابلہ شریک میزبان یوکرائن کے شہر لیوو میں ہوا۔ میچ کا واحد گول جرمنی کے ماریو گومیس نے 72ویں منٹ میں اس وقت کیا، جب کچھ ہی دیر میں انہیں آرام دینے کے لیے متبادل کھلاڑی کو بلایا جانا تھا۔
جس لمحے یہ گول ہوا، گومیس کے متبال کھلاڑی میروسلاف کلوزے میدان میں اترنے کے لیے ٹچ لائن پر تیار کھڑے تھے۔ یہ بات اہم ہے کہ گومیس عام طور پر کلوزے کے مقابلے میں دوسرا انتخاب ہوتے ہیں۔
جرمن کوچ جوآخم لوو کا کہنا تھا: ’’بالکل، میروسلاف اس وقت میدان میں اترنے ہی والا تھا کہ گول ہو گیا اور پھر ہم نے کچھ اور انتظار کیا۔‘‘
لوو نے قبل ازیں یہ اشارہ دیا تھا کہ وہ اسٹرائیکر کے طور پر کلوزے کو پہلے میدان میں اتاریں گے، تاہم بعدازاں انہوں نے ایسا کیا نہیں اور گومیس کو پہلے کھیلنے کے لیے بھیجا، جس کا فائدہ ان کی ٹیم کو جیت کی صورت میں ہوا۔
میچ کے بعد بات چیت میں بائرن میونخ کے اسٹرائیکر ماریو گومیس کا کہنا تھا: ’’دو کامیاب سیزن میرے پیچھے ہیں، لیکن میرے لیے یہ مشکل سفر رہا ہے۔ میں بہت خوش ہوں کہ کوچ نے مجھ پر بھروسہ کیا۔‘‘
اس گول کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ گیند سیدھی ان کے سر کے سامنے آ گئی اور اسے گول کے اندر بھیجنا ان کے لیے زیادہ مشکل نہیں رہا۔ گومیس جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے گزشتہ دو سیزنز میں بدستور ٹاپ اسکورر رہے ہیں جبکہ چیمپیئنز لیگ کے حالیہ مقابلوں میں بھی انہوں نے مجموعی طور پر 12 گول کیے تھے، جن کی بدولت بائرن میونخ کو فائنل تک رسائی ملی تھی، جس میں وہ چیلسی سے ہار گئی تھی۔
ڈنمارک بمقابلہ ہالینڈ
ہفتے کو یورو 2012ء کے ایک اور میچ میں ہالینڈ کے خلاف ڈنمارک کی جیت اس ٹورنامنٹ کا پہلا اَپ سیٹ رہی ہے۔ ڈنمارک نے ہالینڈ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ یہ میچ یوکرائن کے شہر خارکف میں کھیلا گیا۔
ڈنمارک کی جانب سے کھیل کا واحد گول مائیکل کروہن نے 24ویں منٹ میں کیا۔ انہوں نے ہالینڈ کے کپتان مارک فان بومیل اور جان ہیٹنگا کو غلط سمت جانے پر مجبور کرتے ہوئے بائیں پیر سے شاٹ کھیلا جو گول کیپر کی ٹانگوں کے درمیان سے ہوتا ہوا گول میں داخل ہو گیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔
یورو کپ کے مقابلوں کا یہ دوسرا دِن تھا جبکہ شریک میزبان یوکرائن میں منعقدہ مقابلوں کا یہ پہلا دِن تھا۔ پولینڈ بھی اس ٹورنامنٹ کا شریک میزبان ہے۔
یورو کپ کا آغاز جمعے کو پولینڈ میں کھیلے گئے دو میچز سے ہوا، جن میں سے پولینڈ اور یونان کے دوران مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ روس نے چیک جمہوریہ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے مات دی تھی۔ دفاعی چیمپیئن اسپین اپنا پہلا میچ آج پولینڈ کے شہر گدانسک میں کھیلے گا۔
ng/ia (AP, AFP)