یورو کپ 2012، جرمنی کا پہلا میچ پرتگال سے
3 دسمبر 2011آئندہ برس یوکرائن اور پولینڈ کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والی اس پورپی چیمپئن شپ کے حتمی گروپوں کا فیصلہ جمعہ کو یوکرائن کے دارالحکومت کی ایف میں منعقد کردہ ایک رنگا رنگ تقریب میں کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ آٹھ جون کو پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل میچ یکم جولائی کو کی ایف میں ہو گا۔
چودہ ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کرنے کے لیے ڈراز کی شاندار تقریب میں کئی اسٹار فٹ بالرز نے بھی شرکت کی۔ ان ڈراز کے مطابق جرمنی کی ٹیم گروپ B میں آئی ہے، جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف ہالینڈ سے بھی ہو گا۔ ناقدین کے بقول اس گروپ میں شامل دیگر دو ٹیمیں یعنی پرتگال اور ڈنمارک بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور یوں یورو کپ 2012ء کے مقابلوں میں اس گروپ میں انتہائی دلچسپ میچ دیکھنے کو ملیں گے۔
ڈراز کی تقریب کے بعد جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لؤو نے کہا، ’یہ انتہائی سخت گروپ ہے۔ پرتگال اور ہالینڈ کی ٹیموں میں عالمی شہرت کے حامل کئی کھلاڑی ہیں۔ اس گروپ میں انتہائی دلچسپ مقابلے متوقع ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص ڈنمارک کی ٹیم ٹورنامنٹس کے دوران ایک یونٹ کی طرح کھیلتی ہے، یہ بات اسے خطرناک بنا دیتی ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں جرمنی کی ٹیم اپنا پہلا میچ 9 جون کو پرتگال کے خلاف کھیلے گی، 13جون کو اسے ہالینڈ کی ٹیم کا سامنا کرنا ہو گا جبکہ سترہ جون کو جرمن کھلاڑیوں کے مدمقابل ڈنمارک کی ٹیم ہو گی۔ ہالینڈ کے ممتاز مڈ فیلڈر ویزلے شنائڈر کے بقول اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم کے لیے اس کا پہلا میچ انتہائی اہم ہو گا۔ شنائڈرکے مطابق، ’ایک اچھی بات یہ ہے کہ ہم اپنی مخالف ٹیموں کو اچھی طرح جانتے ہیں اور جب آپ میدان میں اترتے ہیں تو کھیل کی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے یہ ایک اہم بات ہوتی ہے‘۔ یہ امر اہم ہے کہ یورو کپ کے کوالیفائنگ مقابلوں میں جرمنی نے اپنے تمام یعنی دس کے دس میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے باعث اس کا اعتماد دیگر ٹیموں کے مقابلوں میں قدرے بہتر ہے۔
یورو 2012ء کے گروپ
گروپ اے: پولینڈ، یونان، روس اور چیک ریپبلک
گروپ بی: ہالینڈ ، ڈنمارک، جرمنی اور پرتگال
گروپ سی: اسپین ، اٹلی، جمہوریہ آئر لینڈ اور کروشیا
گروپ ڈی: یوکرائن ، سویڈن، فرانس اور اٹلی
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک