یورو زون میں ’انتہائی معتدل کساد بازاری‘ کی توقع، یورپی مرکزی بینک
12 مارچ 2012یورپی مرکزی بینک کے ایگزیکیٹو بورڈ کے رکن بینوا کغی نے جاپان کے نکئی اخبار کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ بینکوں کی جانب سے قرضوں کی کم فراہمی اور یورو زون کے بعض ملکوں میں قرض کے مسئلے کی وجہ سے حکومتی بجٹوں میں کمی سے نمو کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیل کی قیمتیں بڑھنے اور بعض ملکوں میں اشیائے صرف پر ویلیو ایڈڈ ٹیکسوں میں اضافے کے نتیجے میں بینکوں نے افراط زر کی پیش گوئی کی ہے مگر ’چونکہ یہ عارضی چیزیں ہیں لہٰذا توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا افراط زر پر دیرپا اثر نہیں پڑنا چاہیے۔‘
کغی نے کہا کہ طویل المدت میں افراط زر میں اضافے کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا تیل کی بلند قیمتوں کے نتیجے میں تنخواہوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے یا نہیں۔
حالیہ دنوں میں بینک میں خام تیل کی بلند قیمتوں اور یورو زون کے قرض بحران سے نمٹنے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ برس کے آخری دو ماہ میں کساد بازاری بڑھنے اور مالیاتی بحران کے خدشات کے باعث افراط زر سے متعلق تحفظات پس منظر میں چلے گئے تھے۔
فروری میں افراط زر بڑھ کر 2.7 فیصد تک پہنچ گئی حالانکہ بینک نے اس کے دو فیصد سے کم رہنے کی توقع ظاہر کی تھی۔
یورپی مرکزی بینک کے صدر ماریو دراگی نے گزشتہ ہفتے ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ افراط زر کے رواں سال دو فیصد سے اوپر رہنے کا امکان ہے جس کے بعد اس میں کمی آئے گی۔
بینک نے 2013ء کے لیے افراط زر 0.9 اور 2.3 فیصد کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
افراط زر کی اس متوقع شرح اور معتدل کساد بازاری کی توقعات کے باعث بعض تجزیہ کاروں کے خیال میں بینک اب اپنی ایک فیصد شرح سود کو مزید کم نہیں کرے گا۔
بینک نے یورو زون کے قرض بحران کے اثرات کو کم کرنے کے لیے بینکوں کو ارزاں شرح سود پر تین سالہ قرضوں کی دو قسطیں فراہم کی ہیں جن کی مالیت ایک ٹرلین یورو سے زائد بنتی ہے۔
اس رقم سے کمزور بینکوں کو اپنی مالی حالت سنوارنے اور بعض حکومتی بانڈز خریدنے میں مدد ملی ہے۔ بانڈز کی خریداری سے اٹلی اور اسپین کی حکومتوں کے لیے قرض لینے کے اخراجات میں کمی لانے میں مدد ملی ہے۔ قرض لینے کے بلند اخراجات کی وجہ سے ہی یونان، آئر لینڈ اور پرتگال کو دیگر یورو زون ملکوں اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے بیل آؤٹ قرضے لینے کی ضرورت پڑی تھی کیونکہ دوسری صورت میں خدشہ تھا کہ وہ دیوالیہ ہو جائیں گے۔
چوتھی سہ ماہی میں یورو زون کی معیشت میں 0.3 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔ کساد بازاری کی ایک تعریف دو سہ ماہیوں تک منفی نمو کا ہونا بھی ہے۔
یورپی مرکزی بینک نے رواں برس کے لیے نمو منفی 0.5 فیصد اور مثبت 0.3 فیصد رہنے کی امید کی ہے۔
رپورٹ: حماد کیانی
ادارت: امتیاز احمد