ہیمبرگ کی ٹیم شکست سے بال بال بچ گئی
21 اکتوبر 2013اس کے ساتھ ہی ہیمبرگ کے بیرٹ فان مارویک کی بطور کوچ ناقابلِ شکست کارکردگی جاری ہے۔ ہیمبرگ کی ٹیم اتوار کو بنڈس لیگا کے نویں میچ ڈے کے آخری روز اشٹٹ گارٹ کے خلاف میدان میں اتری۔ یہ مقابلہ تین تین گول سے برابر رہا۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق بعد ازاں اشٹٹ گارٹ کے اسپورٹس ڈائریکٹر فیرڈی بوبک کا کہنا تھا: ’’جب چھ گول ہو جائیں تو شائقین کے لیے یہ ہمیشہ ہی زبردست میچ ہوتا ہے لیکن کوچز اس سے تنگ آ جاتے ہیں کیونکہ اس میں بہت سی غلطیاں ہوتی ہیں۔‘‘
میچ کا پہلا گول کھیل کے تیسرے منٹ میں اشٹٹ گارٹ نے کیا۔ بائیسویں منٹ میں ہیمبرگ نے بھی ایک گول کر لیا تھا۔ بعد ازاں اشٹٹ گارٹ کو دو اور ہیمبرگ کو مزید ایک گول کرنے کا موقع ملا۔ تاہم اشٹٹ گارٹ کے کھلاڑی جوہان جُورُو نے کھیل کے 64 ویں منٹ میں اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کر کے جیت کا امکان ہی ختم کر دیا۔
نویں میچ ڈے کا آخری مقابلہ وولفس برگ اور آؤگس برگ کے درمیان ہوا۔ وولفس برگ نے یہ مقابلہ دو ایک سے جیت لیا۔ ٹوبیاس ویرنر نے آؤگس برگ کو کھیل کے دسویں منٹ میں برتری دلائی تھی۔ کچھ ہی منٹ میں انہیں دوسرا گول کرنے کا بھی موقع ملا تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے۔
وولفس برگ کے کوچ ڈیٹر ہیکنگ نے بعد ازاں کہا: ’’آپ نے دیکھا کہ پہلے 20 منٹ میں صورتِ حال غیر یقینی تھی لیکن اس کے بعد ٹیم نے دکھا دیا کہ یہ جیت سکتی ہے۔‘‘
آؤگس برگ کے کوچ مارکوس وائن سیئرل نے کہا: ’’بنڈس لیگا میں آپ کو مؤثر کارکردگی درکار ہوتی ہے۔ وہ ہم نے آج نہیں دکھائی اور اس لیے شکست واجب تھی۔‘‘
بنڈس لیگا کے ٹاپ اسکورر
خبر رساں ادارے روئٹرز نے اتوار کو بنڈس لیگا کے ٹاپ اسکوررز کی ایک فہرست جاری کی، جس کے مطابق بائر لیورکوزن کے سڈنی سیم اب تک سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ وہ موجودہ سیزن میں سات گول کر چکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر چھ چھ گول کرنے والے پانچ کھلاڑی ہیں، جن میں بائرن لیور کوزن کے شٹیفان کیسلنگ، بورسیا ڈورٹمنڈ کے رابرٹ لیوانڈافسکی، مائنز کے نکولائی میولر، ہوفن ہائیم کے انتھونی موڈیسٹے اور اشٹٹ گارٹ کے ویداد ابیسیویچ شامل ہیں۔