گرین شرٹس نے ایشین چیمپئنز ٹرافی جیت لی
11 نومبر 2013یہ ٹورنامنٹ جاپان کے شہر کاکا میگاہارا میں کھیلا گیا، جہاں اتوار دَس نومبر کو کھیلے جانے والے فائنل میں میزبانوں کو پوری توقع تھی کہ وہ یہ ٹورنامنٹ جیت جائیں گے۔ جاپانی ٹیم نے خوبصورت انداز میں کھیل کا آغاز کرتے ہوئے ایک گول کی برتری حاصل کر لی تاہم بالآخر پاکستانی ٹیم نے ایک سخت مقابلے کے بعد جاپان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے تینوں گول کھیل کے دوسرے ہاف میں حسیم خان، محمد رضوان سینئر اور حماد بٹ نے کیے۔ گروپ میچوں کے دوران پاکستان اور جاپان کے درمیان ہونے والا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔
اس طرح فائنل میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے جاپان نے اس ٹورنامنٹ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ کانسی کا تمغہ ملائیشیا کے حصے میں آیا، جس نے چین کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔
جہاں جاپان کے مرد کھلاڑی اپنے ملک کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے میں ناکام رہے، وہاں جاپانی خواتین نے یہ کارنامہ کر دکھایا۔ خواتین کھلاڑیوں کی جاپانی ہاکی ٹیم نے فائنل میں بھارت کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔ یہ واحد فیصلہ کن گول جاپانی کھلاڑی اوتسُوکا شِیہو نے کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں پنلٹی کارنر پر کر دیا تھا۔ تاہم بھارت کی گول کیپر سویتا نے اپنے گول کا جَم کر دفاع کیا، ورنہ جاپانی ٹیم کہیں بڑے مارجن سے یہ میچ جیت سکتی تھی۔ اس طرح خواتین کھلاڑیوں کے مقابلے میں بھارت کے حصے میں چاندی کا تمغہ آیا۔
اس ٹورنامنٹ میں ملائیشیا کے مرد کھلاڑیوں کی طرح اس ملک کی خواتین نے بھی کانسی کا تمغہ جیتا، جب انہوں نے غیر متوقع طور پر چین کو شکست سے دوچار کر دیا۔
اس چھ قومی ٹورنامنٹ میں پاکستانی کی کارکردگی شروع ہی سے اچھی رہی اور اُس نے اپنے چاروں ابتدائی میچ جیت لیے تھے۔ پاکستان نے عمان کو آٹھ صفر، چین کو پانچ ایک اور ملائیشیا کو ایک صفر سے ہرایا تھا۔
پاکستان کا چوتھا میچ بھارت کے ساتھ تھا۔ اس مقابلے میں اگرچہ نوجوان اور نا تجربہ کار بھارتی ٹیم نے بہت جان لڑائی تاہم بالآخر پاکستان نے چار کے مقابلے میں پانچ گول سے یہ میچ بھی جیت لیا تھا اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔ گزشتہ سال کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو ہی شکست دے کر ایشین چیمپئنز ہاکی ٹورنامنٹ اپنے نام کیا تھا۔
بھارت نے اتوار کو ہونے والے میچ میں عمان کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے کر اس ٹورنامنٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ اس سے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران ہونے والے میچوں میں بھارت نے عمان کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا تھا اور ملائیشیا کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی تھی۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی کامیابی ایک ایسی ٹیم کے لیے اپنی ساکھ پھر سے بحال کرنے کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے، جو آئندہ برس ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں مجوزہ ریبو بینک ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔