گالے ٹیسٹ، سری لنکا کی شاندار بیٹنگ
22 جون 2012دلشان اور سنگاکارا کی سنچریوں کی بدولت پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے کا یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہو گیا جب اوپنر دلشان تلکا رتنے نے سنچری بنا ڈالی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی یہ 13ویں سنچری تھی۔
دلشان نے سنگاکارا کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 124 رنز بنائے۔ دلشان 101 رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر LBW آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے اپنی شاندار اننگز میں تیرہ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ سابق کپتان سنگاکارا پہلے دن کے اختتام پر 111 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ان کے ساتھ جے وردنے کریز پر موجود ہیں جنہوں نے 55 رنز بنا رکھے ہیں۔
جب سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز شروع کی تو اوپنر کھلاڑی پراناویتارا چوبیس کے انفرادی اسکور پر سعید اجمل کی عمدہ گیند پر عدنان اکمل کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ لیکن بعد ازاں سری لنکا کے بلے بازوں نے پاکستانی بولروں کو ’آؤٹ کلاس‘ کر دیا۔ عمر گل، جنید خان، محمد حفیظ اور عبدالرحمان پہلے دن کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر سعید اجمل رہے۔ جنہوں نے پہلے دن کے کھیل میں دونوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق اس میچ میں شریک نہیں ہیں کیونکہ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کھیلے گئے آخری میچ میں سلو اوور ریٹ کی وجہ سے ان پر ایک میچ کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی کپتانی کے فرائض محمد حفیظ دے رہے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے بلے باز محمد ایوب پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے ابھی تک کسی بین الاقوامی ایک روزہ میچ میں بھی شرکت نہیں کی ہے۔
ٹیسٹ سیریز سے قبل سری لنکا نے پاکستان کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک کے مقابلے میں تین میچوں میں کامیابی حاصل کر کے شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔
(ab/ah(AFP)