کیمرون کا دورہ بھارت اور ہیلی کاپٹر اسکینڈل
19 فروری 2013بھارت نے آگسٹا ویسٹ لینڈ نامی ادارے کے ساتھ 750 ملین ڈالر مالیت کے بارہ ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ یہ ادارہ اٹلی کے ادارے فن مکینیکا کا ذیلی ادارہ ہے اور اس کا ہیڈ کوارٹر برطانیہ میں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو اپنے موجودہ سہ روزہ دورہء بھارت کے موقع پر اس معاملے پر بھی وضاحت دینا پڑی ہے۔ اپنے بھارتی ہم منصب منموہن سنگھ کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد کیمرون نے کہا:’’جہاں تک آگسٹا ویسٹ لینڈ کا تعلق ہے، ہم معلومات فراہم کرنے کی کسی بھی درخواست پر رد عمل ضرور ظاہر کریں گے۔‘‘
کیمرون کے مطابق وہ یہ بات واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ برطانیہ میں رشوت ستانی کے خلاف کی گئی قانون سازی دنیا بھر میں غالباً سب سے زیادہ سخت ہے اور اسی لیے رشوت ستانی یا بد عنوانی کے مسائل جہاں بھی اور جب بھی جنم لیں گے، انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں بھارتی وزیر اعظم نے کیمرون کو مبینہ رشوت ستانی کے سلسلے میں بھارت کی سخت تشویش سے آگاہ کیا۔
جواب میں کیمرون نے زور دیا کہ آگسٹا ویسٹ لینڈ فن مکینیکا کا ذیلی ادارہ ہے اور اٹلی میں اس امر کی تحقیقات جاری ہیں کہ آیا بھارت سے ہیلی کاپٹرز کا یہ آرڈر لینے کے لیے بھارت میں متعلقہ حکام کو درحقیقت رشوت ادا کی گئی۔
اٹلی کی پولیس نے منگل کو فن مکینیکا کے چیف ایگزیکٹو جیزیپے اورسی کو گرفتار کر لیا ہے، جو کہ ان ہیلی کاپٹروں کا سودا ہوتے وقت آگسٹا ویسٹ لینڈ کے سربراہ تھے۔
نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق اطالوی استغاثہ نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ آرڈر لینے کے لیے اطالوی سیاستدانوں، بھارتی حکام اور لین دین کرانے والے ایجنٹوں کو 51 ملین یورو رشوت کے طور پر ادا کیے گئے۔
کیمرون اور منموہن سنگھ کے درمیان آج منگل کی ملاقات میں باہمی تجارت اور کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم گزشتہ برس سولہ ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ کیمرون سن 2015ء تک اس حجم کو بڑھا کر پینتیس ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔
برطانیہ اور بھارت کے درمیان سولین جوہری سمجھوتے پر بھی مذاکرات شروع کر دیے گئے ہیں۔ مئی 2010ء میں برطانیہ کا وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد سے کیمرون کا بھارت کا یہ دوسرا دورہ ہے، جس میں توانائی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی سلامتی کے معاملات بھی زیر بحث لائے جا رہے ہیں۔
منگل کو بھارت کے بزنس چیمبرز کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اجتماع میں شرکت اور صدر پرنب مکھر جی کے ساتھ ایک ملاقات کے ساتھ ہی کیمرون کا دورہء بھارت اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔
(aa/zb(dpa