کولمبو ٹیسٹ، محمد حفیظ ڈبل سینچری مِس کر گئے
2 جولائی 2012دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا یہ دوسرا میچ ہے، جس میں سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ ان کی توقع کے برعکس پاکستانی بلے بازوں نے بہترین کارکردگی دکھائی اور پہلے روز محض ایک وکٹ کے نقصان پر 334 رنز کا انتہائی معقول اسکور بنا ڈالا۔ یہ 2006ء میں بھارت کے خلاف فیصل آباد ٹیسٹ کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 300 سے زائد رنز بنائے ہیں۔ دوسرے دن کھانے کے وقفے تک پاکستانی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 402 رنز بنا ڈالے ہیں۔
سری لنکن دارالحکومت کولمبو کے سنھالیز سپورٹس اسٹیڈیم میں اوپنر محمد حفیظ نے آج میچ کے دوسرے روز اپنی اننگز 172 رنز سے دوبارہ شروع کی۔ وہ ایک سوئیپ شارٹ کھیلنے کی ناکام کوشش میں 196 رنز پر بولڈ ہوگئے۔ انہوں نے بائیں ہاتھ سے گیند کروانے والے اسپنر رانگانا ہیراتھ کی گیند کو آن سائڈ پر سوئیپ کرنے کی کوشش کی تھی مگر گیند کو مس کرگئے، جس کے باعث گیند لیگ اسٹمپ سے جا ٹکرائی۔ محمد حفیظ کی یہ اننگز اس لیے بھی ان کے اعتماد میں اضافہ کرے گی کیونکہ وہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مصباح الحق کی جگہ کپتانی کر رہے تھے۔ گال میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان نے 209 رنز سے ہارا۔ مصباح الحق سلو اوور ریٹ کے تحت عائد پابندی کے سبب یہ میچ نہیں کھیل سکے تھے۔
محمد حفیظ نے پہلے توفیق عمر کے ساتھ 78 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی اور پھر ون ڈاؤن کھیلنے والے اظہر علی کے ہمراہ 287 رنز جوڑے۔ محمد حفیظ نے مجموعی طور پر سات گھنٹوں تک کریز پر سری لنکن گیند بازوں کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے 331 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ توفیق عمر گزشتہ روز 65 رنز کی ایک تیز اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جبکہ اظہر علی نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز اپنی سینچری اسکور کر ڈالی۔ ون ڈاؤن بلے باز اظہر علی کی یہ تیسری ٹیسٹ سینچری ہے۔ سینچری کے قریب پہنچنے کے بعد وہ قدرے سہم گئے اور 94 رنز سے 100 تک پہنچنے میں قریب ایک گھنٹہ لگایا۔ 99 رنز کے بعد انہوں نے اپنی سینچری کے لیے 20 منٹ انتظار کیا۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے اظہر علی نے سینچری مکمل کرنے کے لیے چار چوکے لگائے۔
sks/ ia (afp,Reuters)