کاروباری اجارہ داری: یورپ میں مائیکرو سافٹ کو 561 ملین یورو جرمانہ
7 مارچ 2013مائیکرو سافٹ کارپوریشن کے خلاف یورپی یونین کے انتظامی بازو یورپی کمیشن نے بدھ کے روز جرمانے کی جس سزا کا اعلان کیا، امریکی کرنسی میں اس کی مالیت 731 ملین ڈالر بنتی ہے۔ اس کا سبب یہ بات بنی ہے کہ مائیکرو سافٹ کا ادارہ یورپی صارفین کو ایک سافٹ ویئر کے طور پر ویب براؤزر کے استعمال میں ایک سے زیادہ امکانات مہیا کرنے میں ناکام رہا۔
برسلز سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس طرح کے کسی تنازعے میں یورپی کمیشن کی طرف سے کسی بھی یورپی یا غیر یورپی ادارے کے خلاف جرمانے کی اتنی بڑی سزا کی اس سے پہلے کبھی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں یورپی کمیشن کا بدھ چھ مارچ کے روز سنایا گیا یہ فیصلہ ایسی دوسری کمپنیوں کے لیے ایک کھلی تنبیہ کا کام بھی دے گا جو برسلز کے ساتھ کاروباری اجارہ داری سے متعلق کسی بھی تنازعے میں ملوث ہیں یا آئندہ ہو سکتی ہیں۔
یورپی یونین کے صحت مند کاروباری مقابلہ بازی کے نگران اور تجارتی اجارہ داری کی صورت حال کے خلاف اقدامات کے ذمہ دار کمشنر یوآکِن آلمونیا نے برسلز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مائیکرو سافٹ کارپوریشن نے سن 2009ء میں یورپی یونین کے ساتھ یہ لازمی وعدہ کیا تھا کہ وہ یورپ میں آئندہ کمپیوٹر صارفین کو یہ موقع فراہم کرے گی کہ اپنے کمپیوٹرز میں ونڈوز آپریٹنگ سسٹم استعمال کرتے ہوئے بھی اگر صارفین چاہیں تو وہ اپنے لیے مائیکرو سافٹ کمپنی کے ایکسپلورر کہلانے والے ویب براؤزر کے علاوہ کوئی دوسرا انٹرنیٹ براؤزر بھی استعمال کر سکیں گے۔
پھر مئی 2011ء اور جولائی 2012ء کے درمیانی عرصے میں جب یورپی کمیشن نے اس بارے میں اپنے طور پر چھان بین کرائی تو پتہ یہ چلا کہ مائیکرو سافٹ کارپوریشن برسلز کے ساتھ کیے گئے وعدے کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اسی عرصے میں یورپی کمیشن کو اعداد و شمار کی بنیاد پر یہ پتہ بھی چلا کہ کم از کم 15 ملین یورپی صارفین کو ان کے کمپیوٹرز میں ونڈوز آپریٹنگ سسٹم استعمال کرتے ہوئے ایکسپلورر کی بجائے کوئی دوسرا ویب براؤزر استعمال کرنے کا کوئی موقع ہی نہیں ملا تھا۔
اس پر جب مائیکرو سافٹ سے جواب طلبی کی گئی تو اس ادارے نے واضح طور پر اس ناکامی کو اپنی غلطی قرار دے کر اس کا اعتراف کر لیا۔ یوں مائیکرو سافٹ کے خلاف جو طویل کارروائی شروع کی گئی، اس کا نتیجہ چھ مارچ کو سامنے آیا اور اس ادارے کو 561 ملین یورو یا 731 ملین ڈالر کا جرمانہ سنا دیا گیا۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ یورپی یونین کی کاروباری اجارہ داری کے خلاف ’اینٹی ٹرسٹ‘ اتھارٹی نے کسی کمپنی کو اپنی لازمی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر کوئی سزا سنائی ہے۔ جرمانے کی اس سزا کے دو دوسرے پہلو بھی ہیں۔ اوّل تو یہ کہ اس طرح یورپی یونین کی طرف سے مائیکرو سافٹ کو آج تک سنائی گئی جرمانے کی سزاؤں کی مجموعی مالیت اب 2.2 بلین یورو ہو گئی ہے۔ دوسرے یہ کہ مائیکرو سافٹ نے اس بارے میں اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے صورت حال کی مکمل ذمہ داری اپنے سر لے لی ہے۔
برسلز میں مائیکرو سافٹ کو سنائی گئی سزا کی خبر کا ایک فوری نتیجہ یہ نکلا کہ دنیا کی اس سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں چند ہی لمحوں میں 1.3 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔
یورپی کمشنر آلمونیا کے بقول مائیکرو سافٹ کے خلاف برسلز کے اس فیصلے کے بعد اب کوئی بھی کمپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے حوالے سے مروجہ قوانین اور طے شدہ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے سے پہلے کئی مرتبہ سوچے گی۔
مائیکرو سافٹ کی طرف سے جمعرات کی صبح تک یہ تو نہیں کہا گیا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا کوئی ارادہ رکھتی ہے۔ تاہم اس وقت اس امریکی کمپنی کی سوچ کیا ہے، اس کا اندازہ مائیکرو سافٹ کے اس فیصلے کے بعد جاری کیے گئے اُس بیان سے اچھی طرح ہو جاتا ہے، جس میں کہا گیا ہے: ’ہم نے معذرت کر لی ہے اور ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو مستقبل میں اس غلطی کے دہرائے جانے کو روک سکیں‘۔
mm/ng (Reuters)