ڈیل کی آخری کوشش، نئی یونانی تجاویز پیش کر دی گئیں
13 جون 2015یونان کی بائیں بازو کی حکومت نے قرض دینے والے اداروں یعنی یورپی یونین اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کو نئی تجاویز پیش کی ہیں۔ ایتھنز حکومت کی اِس کوشش میں ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ سے جاری اعصاب کی جنگ کا مثبت خاتمہ ہو سکے۔ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں یونان دیوالیہ ہو سکتا ہے۔ گزشتہ روز یورپی مالی منڈیوں میں یونان کے ممکنہ دیوالیہ ہونے کی خبروں سے مندی کے بادل چھا گئے تھے۔
نئی ڈیل کی تجاویز کے حوالے سے یونان کے نائب وزیر خزانہ دیمترس مارداس نے اِس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ڈیل کا حصول ممکن ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ نئی تجاویز لے کر برسلز جانا ایک مثبت عمل ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایتھنز حکومت ڈیل کی متمنی ہے۔ رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے مارداس نے کہا کہ جو بھی ضروری ہے وہ جلد از جلد کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ یونانی حکومت نے نئی تجاویز میں پہلے سے پیش کردہ تجاویز کے اختلافی پہلووں پر بعض رعایتیں پیش کی ہیں۔
یونانی وزیراعظم الیکسِس سپراس کی ٹیم آج ہفتے کی شام میں یورپی کمیشن، یورپی مرکزی بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے اہلکاروں کے ساتھ نئی تجاویز پر بات چیت کرے گی۔ یونان کے دیوالیہ ہونے کے حوالے سے یورو زون کے وزرائے خزانہ نے پہلی مرتبہ جمعے کے روز سلوواکیہ کے دارالحکومت براٹی سلاوا میں گفتگو کی۔ دیوالیہ پن پر گفتگو کا سلسلہ اُس وقت شروع ہوا جب انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے یونانی تجاویز پر جاری مذاکراتی عمل پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے اِسے ادھورا چھوڑ دیا تھا۔ ایتھنز حکومت کے لیے مالی امداد کے مذاکرات میں عالمی مالیاتی ادارے کی ٹیم نے خاصا سخت مؤقف اپنا رکھا ہے۔
مالی امداد کی بات چیت میں یونانی حکومت قرض دینے والے بین الاقولامی ادارں کی جانب سے سخت شرائط کے اصلاحاتی عمل کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔ تیس جون تک ڈیل کا طے کرنا ہر صورت میں لازمی خیال کیا جا رہا ہے بصورتِ دیگر یونان یقینی طور پر دیوالیہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ اِس صورت میں اُس کا یورو زون سے اخراج بھی ممکن ہے۔ چند روز قبل یونانی وزیراعظم سپراس نے یورپی یونین کو متنبہ کیا تھا کہ یونان کا یورو زون سے اخراج کسی طور پر یورو زون کے لیے فائدہ مند نہیں ہو گا بلکہ یہ اُس کے مکمل زوال کی جانب پہلا قدم ہو گا۔ اسی طرح برطانوی نشریاتی ادارے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے یونانی وزیر خزانہ یانس واروفاکس کا کہنا ہے کہ کوئی بھی سمجھدار یورپی سیاستدان یا بیوروکریٹ کسی طور پر بھی یونان کے دیوالیہ ہونے کے حق میں نہیں ہو سکتا۔